• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے غیرمعمولی اقدامات کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے سندھ بھر سے تعلق رکھنے والے فقہ جعفریہ کے 49 رکنی  وفد نے علامہ عباس کمیلی کی سربراہی میں ملاقات کی اور محرم کے جلوسوں اور مجالس کے حوالے سے  سیکیورٹی اقدامات پر  تبادلہ خیال کیا،اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک خادم حسین بھٹی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی /اسپیشل برانچ ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی اور دیگر افسران موجود تھے، پولیس ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ نے پولیس کو ہدایات دیں کہ محرم الحرام کے دوران  غیرمعمولی سیکیورٹی اقدامات کے تحت ریپڈ ریسپانس فورس، ایلیٹ کمانڈوز، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کے افسران وجوانوں کی تعیناتیوں کو یقینی بنایا جائے علاوہ ازیں یکم محرم سے قبل تمام تھانوں کو اضافی نفری کی فراہمی بھی ممکن بنائی جائے،انہوں نے کہا کہ متعلقہ رینج، ڈسٹرکٹس اور زونز کی سطح پر تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ڈیژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز شیعہ مکتبہ فکر کے ذاکرین، قائدین، منتظمین مجالس وجلوس ودیگر نمائندوں سے باقاعدہ روابط پر مشتمل مسلسل اجلاس کو یقینی بنایا جائے جبکہ اس امر کو تمام ایس ایچ اوز متعلقہ حدود کی سطح پر بھی ممکن بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ حساس علاقوں میں قائم مساجد، امام بارگاہوں اور مرکزی مجالس میں اسکینرز، واک تھرو گیٹس کی تنصیب کے ساتھ ساتھ خفیہ کیمروں سے مانیٹرنگ اور ڈرون کیمراز سے ریکارڈنگ کے اقدامات بھی کیے جائیں،علاوہ ازیں مجالس کے لیے داخلی وخارجی پوائنٹ رکھا جائے اور مذکورہ مقامات پر منتظمین کی جانب سے مقرر کردہ رضاکاروں کی  تربیت کے لیے بھی ہر ممکن اقدامات کیے جائیں، دل آزار وال چاکنگ،بینرز کی روک تھام،پمفلٹس کی تقسیم اور اشتعال انگیزومذہبی منافرت پر مشتمل مواد وغیرہ کی فروخت پر پابندی کے حوالے سے صوبائی سطح پر انتہائی ٹھوس اقدامات کیے جائیں جبکہ تمام ہوٹلز ,گیسٹ ہاؤسز اور مسافر خانوں وغیرہ کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ اور اس حوالے سے باقاعدہ رپورٹ ارسال کرنے جیسے امور کو بھی یقینی بنایا جائے۔
تازہ ترین