• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے جمہوری دعوے کشمیر میں کھوکھلے ثابت ہوئے ،نعیم احمد خان

کراچی(جاوید رشید) سینئر حریت لیڈر اور جموں کشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خان نے کہا ہے کہ مساجد کے اماموں تک کی گرفتاری سے بھارت کے نام نہاد جمہوری دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔ ان ظالمانہ اور جابرانہ اقدامات نے بھارت نواز سیاست دانوں کی سیاست کاری پر بھی سوالیہ نشان لگادیا ہے۔عمر محلہ کشتواڑ کے سیف الدین باغوان، فردوس احمد باغوان اور امام مسجد،مولوی عبد القیوم متو کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نعیم احمد خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چناب ویلی کے مسلمان سنگین صورتحال سے دوچار ہیں۔نعیم احمد خان نے کہا’’چناب ویلی اور پیر پنچال خطے کی مسلم آبادی کو دہرے خوف و ہراس کا سامنا ہے‘‘، انہوں نے مزید کہا کہ ایک خوف وہ ہے جو مسلم مخالف سرکاری حکام کی طرف سے ہے اور دوسرا وہ جو ہندو فرقہ پرستوں نے وہاں قائم کر رکھا ہے۔ نعیم احمد خان نے کہا’’ایک طرف جموں خطے کے اندر ہندو فرقہ پرست انتہائی ڈھٹائی کے ساتھ ہتھیار لیکر آئے دنوں پریڈ کرتے رہتے ہیں اور انہیں سرکاری سطح پر تحفظ فراہم کیا جاتا ہے جبکہ دوسری طرف چناب ویلی و پیر پنچال خطے کے مسلمانوں کو اپنی آواز جمہوری طریقوں سے اٹھانے سے بھی روکا جاتا  ہے۔
تازہ ترین