• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر اور بلوچستان کا کوئی موازنہ نہیں، مودی کی پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیںکامیاب ہوئی ہیں نہ ہوں گی، سرتاج عزیز

اسلام آباد (ایجنسیاں) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت کی کشمیر کے مسئلہ سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ناکام ہوگئی‘ بھارت کی پاکستان میں مداخلت کے ثبوت دنیا کو پیش کریں گے۔ کشمیر اور بلوچستان کا کوئی موازنہ نہیں۔ مودی کی پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں کامیاب ہوئی ہیں نہ ہوں گی۔ مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں امن نہیں آئے گا۔ کشمیری بھارتی مظالم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ اڑی واقعہ کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔ پیر کو ایوان بالا میں سینیٹر جہانزیب جمالدینی کی پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی موجودہ صورتحال اور بھارتی وزیراعظم کے حالیہ بیانات کے حوالے سے تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا کہ ایوان بالا کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس بلانے کا چیئرمین کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔ اس میں اپنا موقف تفصیل سے بیان کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے شر انگیز بیانات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی نئی نسل آزادی کی تحریک کا ہراول دستہ ہے اور بھارت کے وحشیانہ مظالم اور بربریت کے باوجود کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ اس جدوجہد میں حال ہی میں کشمیر میں بیسیوں افراد شہید اور زخمی ہو چکے ہیں اور بچوں سمیت کئی اپنی بینائی کھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد ان کی اپنی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم سے آگاہ کرنے اور ان کی توجہ مبذول کرانے کے لئے ہم نے اقوام متحدہ کے قائدین کو خطوط ارسال کئے۔
تازہ ترین