• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھگت سنگھ ہیرو ہے تو میرا بیٹا دہشتگرد کیسے؟ والد شہید برہان وانی

نئی دہلی (جنگ نیوز) حزب المجاہدین کے شہید کمانڈر برہان وانی کے والد مظفر وانی نے کہا ہے کہ ایک دن آئے گا جب بھارت اس بات کو تسلیم کرے گا کہ برہان وانی جدوجہد آزادی کا مجاہد تھا، انہوں نے اپنے بیٹے کو ہندوستانی تحریک آزادی کے ہیرو بھگت سنگھ سے تشبیہہ دی، ٹائمز آف انڈیا کو انٹرویو میں مظفر وانی نے بتایا کہ جب بھگت سنگھ برطانوی تسلط کے خلاف برسر پیکار تھے تو انہیں بھی دہشت گرد کہا جاتا تھا لیکن ہندوستانی انہیں تحریک آزادی کا ہیرو ہی قرار دیتے تھے، ان کا مزید کہنا تھا کہ جب مسئلہ کشمیر حل ہوجائے گا تب ہندوستان بھی یہ تسلیم کرے گا کہ برہان وانی ایک مجاہد تھا جس نے جدوجہد آزادی میں اپنی جان قربان کی، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستانی وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں جو کچھ کیا مجھے بہت پسند آیا، برہان وانی کے خون سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو نئی زندگی ملی، نوجوانوں کے ہتھیار اٹھانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھابہتر طریقہ بھارت  اور پاکستان کے درمیان مذاکرات ہے تاکہ دونوں ملکوں میں امن قائم رہ سکے،تمام ہندوستانی ہمارے بھائی ہیں اور اسی طرح سارے پاکستانی ہمارے برادر ہیں، ہم کشمیری ہر ہندوستانی سے بھی اتنی ہی محبت کرتے ہیں جتنی کہ پاکستانیوں سے، اڑی حملے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس میں کیسے ملوث ہوسکتا ہے؟ جو بھی شخص مجاہد بن کر کشمیر میں داخل ہوتا ہے وہ کشمیری ہے، ہندو ستان کا کوئی بھی مسلمان کشمیر میں آسکتا ہے، یہ بھی ہوسکتا ہے کہ حملہ کشمیری مجاہدین نے کیا ہو۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل کرنا سب سے زیادہ ضروری ہے ورنہ اس طرح کے حملوں کا خدشہ موجود رہے گا، ہمیں نہیں معلوم کہ یہ شدت پسند کہاں سے آجاتے ہیں کیوں کہ سرحد توبھارتی فوج نے سیل کررکھی ہے، جب یہ لوگ سرحد سے داخل ہوتے ہیں تو ہندوستانی فوج کیا کررہی ہوتی ہے؟ دہشت گرد سرحد سے پمپور تک کیسے پہنچے؟ اگر جیش محمد کے خلاف شواہد ہیں تو تحقیقات ہونی چاہئیں۔



.
تازہ ترین