• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سارک انسداد بدعنوانی فورم کااجلاس ،بھارت کی موجودگی مبصرین کیلئے باعث حیرت

اسلام آباد(طاہر خلیل )حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے باوجود سارک انسداد بدعنوانی فورم کے اجلاس میں بھارت کی موجودگی مبصرین کےلئے باعث حیرت تھی۔بھارت نے سارک وزرائے داخلہ کانفرنس کے بعد جولائی سے سارک کی سرگرمیوں میں نمائندگی کا معیار کم کردیا تھا۔ اس لئے گزشتہ ماہ سارک وزرائےخزانہ کانفرنس اسلام آباد میں بھارت کی نمائندگی عنقا تھی ۔سارک انسداد بد عنوانی فورم کےا جلاس میں بھارت کی موجودگی کے ساتھ بنگلہ دیش اور افغانستان کی عدم موجودگی بھی باعث استعجاب تھی ۔ جبکہ بنگلہ دیش اور افغانستان یقین دہانیوں کے باوجود اسلام آباد اجلاس میں شریک نہیں ہوئے حکام کو بھارت کے اینٹی کرپشن ادارے انڈین ویجی لنس کمیشن کے سربراہ کی شرکت کا عندیہ دیا گیا تھا لیکن عین آخری وقت پر بھارت نے نمائندگی کا معیار کم کر کے ایک ڈائریکٹر جنرل کو اسلام آباد بھیج دیا ۔ محتسب ادارے کی بھر پو رنمائندگی تھی ۔ وفاقی محتسب سلمان فاروقی اور وفاقی ٹیکس محتسب چو ہدر ی عبدالرئوف موجود تھے ۔ اسلام آباد میں سارک کے رکن ملکوں کا پہلا انسداد بدعنوانی اجتماع تھا۔ چیئرمین نیب چوہدری قمر زمان نے مہمانوں کو وفاقی دارالحکومت کے کھلتے موسم کی جانب متوجہ کیا اور کہاکہ آپ مارگلہ کے دامن میں بیٹھے ہیں جو گندھارا تہذیب کا ورثہ ہے  ۔ چیئرمین نیب نے یاد دلایا کہ سارک انسداد بدعنوانی فورم کے قیام کی تجویز محض آٹھ ماہ قبل پیش ہوئی تو دل و دماغ میں پیوست ہو گئی اور پھر یہ خواب 8ماہ میں ہی تعبیر پاگیا ۔ وزیر قانون زاہد حامد نے پہنچتے ہی چوہدری قمر زمان کو سارک فورم کے انعقاد پر مبارک باد دی ۔ جس کے بعد چیئرمین نیب نے وزیر قانون کا تعارف سارک مندبین سے کرایا ۔ کفایت شعاری کے پیش نظر چیئرمین نیب کی ہدایت پر مہمانوں کو ظہرانے کی بجائے چائے پیش کی گئی۔
تازہ ترین