• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکسلا ضمنی انتخاب ، ن لیگ نےپی ٹی آئی کی نشست چھین لی

راولپنڈی(مانیٹرنگ سیل)پی پی 7، ضمنی انتخاب کےمکمل غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے  کے مطابق ن لیگ کے عمر فاروق نے میدان مارلیا۔یہ نشست پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کے وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔جیو نیوز کے مطابق ن لیگ کےعمر فاروق 46 ہزار800 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے پی ٹی آئی کے امیدوار عمارصدیق 39 ہزار 655 ووٹ لےکردوسرےنمبر پررہے۔پی پی 7 ٹیکسلا میں رجسٹرڈ ایک لاکھ 95 ہزار 714 ووٹر کے لئے 167 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے، جن میں سے 75 ٹیکسلا اور 92 راولپنڈی میں قائم کئے گئے تھے۔ضمنی انتخاب کے لئے مجموعی طور پر 5 امیدوار میدان میں تھے۔ ضمنی انتخاب کے موقع پر تحصیل راولپنڈی اور ٹیکسلا میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا جب کہ 21 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 80 کو حساس قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز کے 100 میٹر کے اندر سیاسی جماعتوں کے پولنگ کیمپ لگانے پر پابندی عائد کی گئی۔ حلقے میں سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے جب کہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے 800 فوجی اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیاتھا۔ پولنگ کے دوران چکری کے پولنگ اسٹیشن میں کیمروں کی موجودگی پر ایک  امیدوار نے اعتراض کیا جس پر پریزائڈنگ افسر نے پولنگ رکوا دی۔ حلقے میں غیر ملکیوں کے ووٹ ڈالنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ حلقے میں افغان شہریوں نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔واضح رہے کہ پی پی 7 ٹیکسلا کی نشست تحریک انصاف کے امیدوار محمد صدیق خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔الیکشن جیتنے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے ملک عمر فاروق کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے امید وار کی کامیابی عوام کاہماری پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ٹیکسلا کی عوام نے دھرنا کی سیاست کومسترد کردیاہے۔اور انہوں نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔دھرنے والےانتشار کی سیاست چھوڑ کرملک کی ترقی میں حکومتی کوششوں کاساتھ دیں۔
تازہ ترین