• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی جنگی جنون آپے سے باہر، مودی سرکار حد سے تجاوز کررہی ہے

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکےپروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں میزبان نےتجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جنگی جنون میں آپے سے باہر ہورہا ہے، بھارت مسئلہ کشمیر پر ہٹ دھرمی کے ساتھ وہ سب کچھ کررہا ہے جو ماضی میں جنگوں کے دوران بھی نہیں کیا، مودی سرکار حدود سے تجاوز کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ ختم کر کے بیس کروڑ پاکستانیوں کا پانی بند کرنے کا سوچ رہی ہے، بھارتی ہٹ دھرمی بڑھتی جارہی ہے، اقوام متحدہ جس نے مسئلہ کشمیر پر قراردادیں منظور کیں اسی فورم پر بھارتی وزیر خارجہ نے ایک بار پھر کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دیدیا، اس وقت مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں جانے والا بھارت اب اسی فورم پر کھڑے ہو کر کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دے رہا ہے۔ شاہزیب خانزادہ کا کہنا تھا کہ بھارت کیلئے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنا آسان نہیں ہے کیونکہ ورلڈ بینک اس معاہدے کا ضامن ہے، معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان کا دیرینہ دوست چین اپنا کردار ادا کرسکتا ہے کیونکہ دریائے سندھ کا سرچشمہ اس کے علاقے میں ہے، سندھ طاس معاہدہ ٹوٹنے کی صورت میں چین دریائے سندھ اور ستلج کا پانی بھارت کی طرف جانے سے روکنے میں آزاد ہوگا۔ شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ مودی سرکا ر نے پاکستان کے اندرونی معاملات پر بات کر کے ایک اور لائن کراس کی ہے، نریندر مودی اپنے خطابوں میں پاکستان توڑنے اور بلوچستان کی بات کرچکے ہیں، اگر جواب میں پاکستان بھارت میں علیحدگی پسندوں کی حمایت کرے تو کیا امن قائم ہوسکے گا، بھارتی وزیراعظم ایک طرف غربت ختم کرنے کی بات کررہے ہیں مگر یہ بھول گئے کہ خطے میں جنگ کا ماحول بنا کر، عالمی معاہد و ں کی خلاف ورزی کر کے، دوسرے ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرکے اور بے بنیاد الزامات لگا کر غربت، بیروزگاری اور ناخواندگی کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے۔ عمران خان کے رائیونڈ مارچ پر تجزیہ کرتے ہوئے شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ عمران خان 30ستمبر سے بڑی احتجاجی تحریک شروع کرنے جارہے ہیں مگر وہ اس احتجاج میں اکیلے ہیں اور کوئی دوسری بڑی اپوزیشن جماعت عمران خان کے ساتھ کھڑی نظر نہیں آتی ہے، یہاں تک کہ عمران خان کے احتجاجی کزن طاہر القادری بھی رائیونڈ پلان میں ان کے ساتھ نہیں اور عمران خان بھی انہیں منانے کیلئے تیار نہیں ہیں۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی گندے انڈے ایک ہی ٹوکری میں آجائیں تو مستقبل کی سیاست کیلئے بہت بڑا فائدہ ہوگا، عوام ان سیاسی گندے انڈوں کو تباہ و برباد کردیں گے جو اندر سے نواز شریف کے ساتھ ملے ہوئے ہیں اور چہرہ اپوزیشن کا اپنایا ہوا ہے، ان لوگوں سے بہتر تومولانا فضل الرحمٰن ہیں جنہوں نے پہلے دن ہی نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کردیا۔ شیخ رشید نے بتایا کہ میں نے بلاو ل بھٹو سے کہا کہ باپ سے بچو اور ماں اور نانا کی سیاست کر و، پیپلز پارٹی کی آج یہ حالت ہوگئی ہے کہ جہاں پی ٹی آئی چند ہزار ووٹ سے ہار رہی ہے وہاں پیپلز پارٹی کو ایک ہزار ووٹ بھی مل جائیں تو بڑی بات ہے، آئندہ لوگ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے سے بھاگیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ طاہر القادری نے حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں کیے، حکومت کا ٹرائل صرف سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہوسکتا ہے، حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جسٹس نجفی کی رپورٹ شائع کرے اور بھگائے گئے بارہ پولیس افسروں کو سامنے لائے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عوامی مسلم لیگ کا قافلہ رائیونڈ مارچ میں شرکت کرے گا، کسی کے باپ کی جرأت نہیں کہ پاکستان کی طرف دیکھ سکے، عمران خان اکیلے نہیں ہورہے دوسرے لوگوں کی دکانیں بند ہونے جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کو عمران خان کے احتجاج سے نتھی نہیں کیا جانا چاہئے، موجودہ عسکری اور سیاسی اداروں میں بہت بڑا خلا ہے، نواز شریف آپریشن کیلئے دو دو مہینے باہر چلے جاتے ہیں، اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ اس اسپتال میں آپریشن ہی نہیں ہوتا جہاں نواز شریف کے آپریشن کی بات کی گئی، پاناما لیکس کی صورت میں نواز شریف پر ٹھپہ لگ گیا ہے۔ معروف بھارتی صحا فی راہول کنول نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے دہشتگرد حملوں پر بھارت میں بہت ناراضگی ہے، مودی سرکار نے پاکستان کے خلاف پانی کو بھی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے،مودی حکومت نے فی الحال سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے یا شقوں کو تبدیل کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا لیکن اس کی شقوں پر مکمل عملدرآمد کیلئے غور کیا جارہا ہے، پاک بھارت انڈس واٹر کمشنروں کی اگلی ملاقات منسوخ ہونے کا بھی امکان ہے، نریندر مودی نے خون اور پانی ایک ساتھ نہ بہنے کا کہہ کر واضح پیغام دیا ہے، سندھ طاس معاہدہ کے تحت بھارت انڈ س ، جہلم اور چناب کاجتنا پانی قانونی طور پر استعمال کرسکتا ہے اسے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پٹھان کوٹ حملے پر پا کستا ن کو کلین چٹ نہیں دی، بھارت نے شرافت کا ٹھیکا نہیں لیا ہوا، پاکستان کی طرف سے ہر بار دغا ہو تو صبر ختم ہونا ہی ہے، پاکستان میں جو لوگ بھارت سے امن نہیں چاہتے ان کی کوششوں کا بھارت کو کچھ جواب تو دینا پڑے گا، حریت کانفرنس کو پیسہ، مقاصد اور ہدایات پاکستان سے ملتی ہیں۔ راہول کنول کا کہنا تھا کہ اوڑی حملے میں مارے جانے والے دہشتگردوں کے پاس سے پشتو میں بنائے گئے نقشے برآمد ہوئے جس پر پاکستانی آرمی کی گئی مارکنگ تھی، ان کے پاس سے پاکستان آرمی کی رائفلز اور گرینیڈز برآمد ہوئے، اوڑی لائن آف کنٹرول سے صرف بارہ کلومیٹر دور ہے، وہاں حملے کرنے والے دہشتگرد کہاں سے آئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کی سوچ بہت صاف ہے، بھار ت کشمیر کے لوگوں سے بات چیت کرے گا مگر پا کستا نیو ں سے نہیں کرے گا، بھارتی سرکار کشمیر پر بات کرنے سے بھاگ نہیں رہی ہے۔
تازہ ترین