• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی کنسورشیم کااردن کو10ارب ڈالرکی قدرتی گیس فروخت کے معاہدے پر دستخط

کراچی(جنگ نیوز) امریکی زیر قیادت کنسورثیم نے اسرائیل کی بیرون ممالک ذخائر کی ترقی کے لیے پڑوسی ملک اردن سے قدرتی گیس کی فروخت کے حوالے سے پہلا معاہدہ کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں نوبل انرجی نامی فرم کا کہنا ہے کہ اس نے اردن کی نیشنل الیکٹرک پاور کمپنی(نیپکو) سے 15سال کی مدت کے لیے 30 کروڑ کیوبک فٹ یومیہ کا معاہدہ کیا ہے۔ جسے 35 کروڑ کیوبک یومیہ تک کیا جاسکتا ہے۔جس کا تخمینہ تقریباً 10 ارب ڈالر ہے۔ امید ہے کہ نیپکو کو اس کی فراہمی 2019 تک شروع ہوجائے گی۔اسرائیلی فرمز ڈیلیک ڈرلنگ اور ایونر کے سی ای او یوسی ابو نے ایک بیان میں کہا کہ’’ لیوی ایتھن پروجیکٹ اور نیپکو کے درمیان برآمدات کے معاہدے پر دستخط ہونا ایک تاریخی دن ہے‘‘۔اس سے قبل اس پروجیکٹ کو اسرائیل کی سپریم کورٹ نے غیر آئینی قرار دیکر بند کردیا تھا۔جس کے بعد عدالت کے اٹھائے گئے اعتراضات کی روشنی میں معاہدے میں تبدیلی کی گئی جس کے سبب اسرائیلی حکومت نے اس معاہدے کی اجازت دے دی۔یوسی ابو کا کہنا تھا کہ لیوی ایتھن پروجیکٹ مشرقی بحیرہ روم میں دیگر صارفین کے ساتھ بھی طویل مدتی معاہدے کرے گا جن میں مصر، ترکی فلسطینی اتھارٹی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اسرائیل اور اردن کے درمیان 1994 میں امن معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔
تازہ ترین