• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ صفورا کے ملزمان کی اپیلوں پر اعتراض ختم‘ سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس طارق محمود عباسی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سانحہ صفورا کراچی کے پانچ ملزمان کی جانب سے ملٹری کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلوں پر اعتراض ختم کرکے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی ہے۔ ملزمان اظہر عشرت‘ سعد عزیز‘ حافظ نثار‘ طاہر حسین اور اسد رحمٰن کو ملٹری کورٹ کی جا نب سے 14مئی 2016کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔ ملزمان نے اپنے کونسل حشمت حبیب کے ذریعے سزا کے خلا ف راولپنڈی بنچ میں درخواستیں دائر کر رکھی تھیں۔ سماعت کے موقع پر سرکار کی جانب سے فاضل ڈویژن بنچ کو بتایا گیا کہ ملزمان کے خلاف فیصلہ ملٹری کورٹ کراچی نے جاری کیا اس لئے ملزمان سزا کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں جس پر ملزمان کے کونسل نے پٹیشن پر بحث کے لئے عدالت سے استدعا کی کہ وہ اس قانونی نقطہ پر بحث کریں گے جس پر عدالت نے مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ دریں اثناء فاضل ڈویژن بنچ نے منشیات کے مقدمہ میں سزا یافتہ ملزمان کی بریت کے احکامات جاری کر دیئے ہیں عدالت عالیہ میں منشیات کے مقدمہ میں ملوث ملزم محمد بشیر نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلم بھٹی کی جانب سے چار سال چھ ماہ سزا دیئے جانے پر سزا کے خلاف اپیل دائر کر رکھی تھی۔
تازہ ترین