• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما لیکس، اپوزیشن کے ٹی آر اوز کے تحت انکوائری کی جائے، سندھ اسمبلی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی نے پیر کو پاناما لیکس کے حوالے سے ایک قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ پانامالیکس کے معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے اور قوم کو الجھن اور شرمندگی سے بچایا جائے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ معاملے کی انکوائری اپوزیشن کے ٹی او آرز کے تحت فوری طور پر کرائی جائے ۔ یہ قرارداد سندھ کے وزیر زراعت و پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے پیش کی ۔قرارداد میں کہا گیا کہ پاناما پیپرز میں انکشافات ایک بین الاقوامی تحقیقاتی ادارے نے کیے ،جس میں وزیراعظم پاکستان کے اہل خانہ کے نام آئے ہیں ۔یہ بات قوم اور اس ملک کے ہر شہری کیلئے بدنامی اور شرمندگی کا باعث بنی ہے۔ یہ بہت اہم معاملہ ہے ۔اس کی شفاف انکوائری لازمی ہے تاکہ قوم کا امیج بہتر ہو لیکن حکومت کے رویے نے قوم کو مایوس کیا ہے اور لوگوں کے دلوں اور ذہنوں میں مزید الجھن پیدا کردی ہے۔ انکوائری کے طریقہ ہائے کار (ٹی او آرز) جاری کیے گئے اور سپریم کورٹ آف پاکستان کی آبزرویشن میں یہ بات بالکل واضح ہے کہ وزیراعظم اپنے آپ کو اپنے انتظامی آپریشن کے پیچھے چھپارہے ہیں تاکہ غیر جانبدارانہ جوڈیشل انکوائری میں دانستہ رکاوٹ پیدا ہو ،حالانکہ یہ انکوائری پوری قوم کا مطالبہ ہے ۔اپوزیشن کی جماعتوں نے متفقہ طور پر ٹی او آرز مرتب کیے تھے،جو حکومت نے مسترد کردیئے تھے۔یہ اسمبلی قراردیتی ہے کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کے دیئے گئے ٹی او آرز کے مطابق جامع، غیر جانبدارانہ اور شفاف انکوائری فوری طور پر کرائی جائے اور کارروائی کی جائے تاکہ قوم الجھن اور شرمندگی کے عذاب سے نکل سکے۔قرارداد پر رائے شماری کے وقت متحدہ قومی موومنٹ کے دو ارکان ایوان میں موجود تھے۔ جبکہ مسلم لیگ (فنکشنل) اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان ایوان میں موجود نہیں تھے ۔کیونکہ قرارداد کی کسی نے مخالفت نہیں کی لہٰذا اسپیکر نے کہا کہ یہ قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی ہے۔ قرارداد پر خطاب کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پاناما لیکس میں وزیراعظم کے بچوں کے نام آئے ہیں۔ وزیراعظم خود ان کی صفائی دے رہے ہیں ۔دنیا کے دیگر ملکوں میں سربراہان مملکت یا حکومت نے پاناما لیکس میں نام آنے پر استعفیٰ دے دیئے لیکن یہاں ڈھٹائی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ پیپلزپارٹی کی رکن خیر النساء مغل نے کہا کہ وزیراعظم پاناما لیکس کی انکوائری کراکے ہمیں بین الاقوامی برادری میں شرمندگی سے بچائیں ۔پیپلزپارٹی کے تیمور تالپور نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے بچوں کو آگے کرکے خود کو بری الذمہ قرارنہیں دے سکتے ۔پیپلزپارٹی کی شمیم ممتاز نے کہا کہ پاناما لیکس کی انکوائری کے دوران وزیراعظم اپنے عہدے سے الگ ہوجائیں ۔مسلم لیگ (ن) کی سورٹھ تھیبو نے اس قرارداد کی سخت مخالفت ہوئے کہا کہ یہ قرارداد بدنیتی پر مبنی ہے ۔کون کتنا کرپٹ ہے ساری دنیا جانتی ہے ۔لوگ تو اپنے شہروں کو نہیں چھوڑتے ۔
تازہ ترین