• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیہ اورواساکی نااہلی، سیوریج کا پانی بلدیہ اعلیٰ آفس میں داخل

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) محرم الحرام کے دوران صفائی کے حوالے سے جاری اجلاس کے دوران  بلدیہ اور واسا کی نااہلی عیاں ہوگئی،گٹر ابلنے کے باعث سیوریج کا پانی بلدیہ اعلیٰ آفس میں داخل ہوگیا، انتظامیہ کی نااہلی چھپانے کے لئے ملازمین جھاڑو لیکر پانی نکالنے پہنچ گئے۔ میئر حیدرآباد سید طیب حسین نے کہاکہ ابھی تک فنڈنگ کا مسئلہ ہے، جبکہ میونسپل کمشنر نے  تمام تر ذمہ داری دکانداروں اور شہریوں پر ڈالتے ہوئے کہا  کہ شہر کے بیشتر مقامات پر سیوریج کے نالوں اور نالیوں پر تجاوزات ہیں جس کے باعث سیوریج کے نظام میں رکاوٹیں آڑے آرہی ہیں، جلد عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے آفس میں گزشتہ روز محرام الحرام میں شہر کے اندر صفائی کے نظام کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس طلب کیا گیا جس میں میئر حیدرآباد سید طیب حسین، میونسپل کمشنر، متعلقہ افسران اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محرم الحرام کے حوالے سے صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے پر غور و فکر کیا گیا۔ اجلاس جاری تھا کہ بلدیہ عظمیٰ اور ایچ ڈی اے کی جانب  سے کیے گئے صفائی ستھرائی کے دعووں کی قلعی کھل گئی، ایچ ایم سی آفس کے باہر گٹر ابل پڑا، اس دوران گٹر کا گندا اور بدبودار پانی ایچ ایم سی کے دفترکے احاطے اور دیگر دفاتر میں داخل ہوگیا، بعد ازاں آفس میں موجود افسران و ملازمین میں کھلبلی مچ گئی، افسران کے احکامات پر سنیٹری ورکرز متحرک اور جھاڑو لیکر سیوریج کا پانی نکالنے میں مصروف ہوگئے، کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آفس سے سیوریج کا پانی نکالا گیا تب جاکر افسران و ملازمین کی جان میں جان آئی۔جنگ کی جانب سے رابطہ کرنے پر میئر حیدرآباد سید طیب حسین نے کہا کہ ابھی تک فنڈنگ کا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے ترقیاتی کام نہیں ہوپارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گٹر ابلنے کی ذمہ دار ایچ ڈی اے بھی ہے، دوسری جانب بلدیہ اعلیٰ کے میونسپل کمشنر شاہد علی خان نے کہا کہ دکاندار وں کی جانب سے کچرا نالیوں میں پھینکا گیا، جس کی وجہ سے گٹر ابل پڑا اور پانی بلدیہ آفس میں جمع ہوا۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کے شہر کے بیشتر مقامات پر سیوریج کے نالوں اور نالیوں پر تجاوزات ہیں جس کی وجہ سے  گٹر ابل رہے ہیں، جن کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ 
تازہ ترین