• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانی کے بعد سارک بھارتی نشانے پر، مودی نے پاکستان میں ہونے والی سربراہ کانفرنس کے بائیکاٹ پردوسروں کو بھی ساتھ ملالیا، بھارتی میڈیا

نئی دہلی (نیوز ایجنسیز / جنگ نیوز) بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور پاکستان کیخلاف آبی جارحیت کی دھمکیوں کے بعد سارک کانفرنس بھارت کے نشانے پر آگئی ہے اور بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ نریندر مودی نے پاکستان میں ہونےوالی سربراہ کانفرنس کے بائیکاٹ پر افغانستان ، بنگلہ دیش اور بھوٹان کو بھی ساتھ ملا لیا ہے جبکہ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے کہا ہے کہ ایک ملک نے دہشتگردی پھیلائی ‘دراندازیاں کیں، حالات سازگار نہیں ، وزیراعظم نریندر مودی اسلام آباد میں ہونیوالی کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے ، موجودہ سارک چیئر نیپال کو آگاہ کردیا ۔ پاکستان سے پسندیدہ ملک کا درجہ واپس لینے سے متعلق نریندر مودی کی صدارت میں اجلاس کل جمعرات کو نئی دہلی میں ہوگا۔ادھر پاکستانی دفتر خارجہ نےکہا ہے کہ سارک کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا بھارتی فیصلہ افسوسناک ہے تاہم باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے اسلام آباد میں ہونے والے 19ویں جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک) سربراہی کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مودی نے پاکستان میں ہونیوالی کانفرنس کے بائیکاٹ پر افغانستان ‘بنگلہ دیش اوربھوٹان کو بھی ساتھ ملالیا،ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ویکاس سوراپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ علاقائی تعاون اور دہشت گردی ایک ساتھ جاری نہیں رہ سکتے اور ہندوستان اسلام آباد میں ہونے والی سارک سربراہی کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا۔انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں وزارت کا ایک بیان بھی شیئر کیا جس میں کہا گیا تھا کہ بھارت نے سارک کے حالیہ سربراہ نیپال کو بتادیا ہے کہ خطے میں جاری سرحد پار دہشت گردی اور ایک ملک کی جانب سے رکن ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا ماحول اسلام آباد میں ہونے والی 19 ویں سارک سربراہی کانفرنس کیلئے سازگار نہیں ہے۔اس بیان میں کہا گیا کہ ہندوستان علاقائی تعاون کو بڑھانے کیلئے پُر عزم ہے لیکن یہ سمجھتا ہے کہ ایسا اسی صورت میں ممکن ہے جب خطے میں دہشت گردی سے پاک ماحول ہو۔ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ صورت حال میں ہندوستانی حکومت پہلے سے طے شدہ اسلام آباد میں ہونے والے سارک سربراہی کانفرنس میں شرکت کرنے سے قاصر ہے۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ سارک کے دیگر رکن ممالک کو بھی اسلام آباد میں ہونے والی سارک سربراہی کانفرنس پر اپنے تحفظات کا اظہار کرنا چاہیے۔ہندوستان کی جانب سے اسلام آباد میں ہونے والی 19 ویں سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار کے اعلان کے فوری بعد پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ہندوستان کا اعلان غیر متوقع ہے اور اس حوالے سے ہم سے باضابطہ رابطہ نہیں کیا گیا۔دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ ہندوستان کی جانب سے کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے ان کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا پیغام پاکستان کے نوٹس میں آیا ہے۔
تازہ ترین