• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی ہٹ دھرمی برقرار، ثبوت پاکستانی ہائی کمشنر کے سپرد کرنیکاڈھونگ

نئی دہلی، اسلام آباد(جنگ نیوز)اڑی حملےپر بھارتی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور حملہ آوروں کے حوالے سے پاکستانی ہائی کمشنر کو ثبوت دینے کا ڈھونگ رچایا جارہا ہے،بھارت کا کہنا ہے کہ اس نے کشمیر کے علاقے اوڑی میں فوج کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر پر حملہ کرنے والے افراد کے سرحد پار سے تعلق ہونے کے ثبوت پاکستانی حکام کے حوالے کیے ہیں جبکہ پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھا ر ت کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا اڑی حملے سے کوئی لینا دینا نہیں، بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ بند کیا جائے۔ منگل کو انڈین وزارتِ خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغامات میں کہا کہ انڈین سیکریٹری خارجہ نے پاکستانی ہائی کمشنر عبدا لبا سط کو طلب کر کے یہ ثبوت ان کے حوالے کیے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہائی کمشنر کو بتایا گیا ہے کہ حملہ آوروں کی سرحد پار کرنے میں مدد کرنے والے دو گائیڈز( جنہیں مقامی دیہاتیوں نے پکڑا تھا) زیر حراست ہیں، وکاس سواروپ کے مطابق فیصل حسین اعوان اور یاسین خورشید نامی ان دونوں افراد کا تعلق پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے دارا لحکومت مظفرآباد کے نواحی علاقوں سے ہے،ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان گائیڈز سے کی گئی ابتدائی تحقیقات سے اوڑی میں حملہ کرنے والوں میں سے ایک شخص کی شناخت کا بھی علم ہوا ہے،ان کا دعویٰ ہے کہ یہ شخص مظفر آباد کے علاقے در بھنگ کا رہائشی حافظ احمد تھا جبکہ محمد کبیر اعوان اور بشارت نامی افراد حملہ آوروں کے ہینڈلرز تھے۔ادھر بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھارت کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا اڑی حملے سے کوئی لینا دینا نہیں، بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ بند کیا جائے، بھارت اگر سنجیدہ ہے تو اڑی حملے کی عالمی تحقیقات سے کیوں بھاگ رہا ہے، بھارتی بارڈر پر انتہائی سخت سیکیورٹی ہے جہاں چڑیا بھی پر نہیں مار سکتی ، پاکستان ایک ذمے دار ملک ہے،انہوں نے کہا کہ ایسی حرکتوں سے بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، بھارت خود کشمیر میں مظالم بند کرے، بغیر ٹھوس ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی نہ کرے۔ دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی طلبی کے حوالے سے تفصیلات کا انتظار ہے،کشمیر میں مظالم کے خلاف آواز اٹھانا بھارت کے اندرونی امور میں مداخلت نہیں ، کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہے، بھارتی دعوے کو یکسر مسترد کرتے ہیں، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
تازہ ترین