• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی سرحدوں کے قریب بھارتی فضائی اڈوں پر4روزہ مشقیں جاری

کراچی(رفیق مانگٹ )بھارت نےپاکستانی سرحد کے ساتھ تمام فضائی اڈوں اور دفاعی تنصیبات کوہائی الرٹ کردیا ہے، بڑے پیمانے پر4روزہ دفاعی فضائی مشقیں کی جارہی ہیں ،ایک مہینے میں دوسری بار فوجی اور فضائیہ کی مشترکہ مشقوں کا ہونا ایک غیر معمولی عمل ہے،ان مشقوں میں پاکستانی سرحد کے ساتھ اسرائیلی اور دیگر جاسوس ڈرونز کی تعیناتی بھی کی جارہی ہے۔ بھارتی اخبار’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق بھارت نے مغربی سرحد کے ساتھ 18ہوائی اڈوں اور دیگر تنصیبات پردفاعی مشقیں شروع کردیں ہیں، مغربی ایئر کمانڈ کی طرف سے ’تالون‘ نامی مشقیں اڑی حملے سے ایک ہفتہ قبل بھی کی گئی تھیں۔ تالون نامی مشقیں 30ستمبر تک جاری رہیں گی ، بھارتی فضائیہ مسلسل نگرانی کے لیے اسرائیلی ڈرونز اور جاسوس ڈرونز تعینات کریں گے جن میں سری نگر، لیہہ، تھویئز، اوانتی پور سےامبالا، امرتسر، ہلوارا تک تمام ہوائی اڈے شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے ساتھ کشیدگی کے بعد بھارت نے بیکانیر سے سرینگر تک تمام ہوائی اڈوں اور دیگر تنصیبات کو انتہائی چوکس کردیا ہے۔ مشقوں میں مغربی فضائی کمانڈ کو بھی شامل کیا گیا،ان مشقوں کا بنیادی مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر سے راجستھان تک پوری سرحدی پٹی پر آپریشنل تیاری اور فضائی دفاع کو بہتر کرنا بتایا جا رہا ہے، چار روزہ جنگی گیمز بنیادی طور پر بڑی دفاعی تیاری ہے جس میںجنگی فضائی گشت کے ساتھ فضائی اور زمینی دفاع کے آپریشن شامل ہیں۔ ایک ماہ کے اند راتنے وسیع پیمانے پر دوبارہ مشقوں کادہرانا انتہائی غیر معمولی ہے،ان مشقوں کے بارے کہا جارہا ہے کہ جب پاکستان کے ایف سولہ اور دیگر جنگی طیارے باقاعدگی سے اپنی اڑا نیں بھر رہے ہیں اور وہ ہائی وے پر لینڈنگ کی بھی مشقیں کررہے ہیں توایسے میں بھارتی فضائیہ کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہتی۔ اڑی حملے کے بعدبھارتی فوج نےفضائیہ کے ساتھ مل کر مختلف ہنگامی منصوبے بنائیں ہیں اور778کلومیٹر لائن آف کنٹرول پر اضافی فوج، گولہ بارود اور ایندھن کے ڈھیر لگا دیے ہیں۔ گزشتہ ہفتے بھارت کی افواج کے اعلیٰ کمانڈر کے اجلاس ہوئے جن میں انہوں نے اعلیٰ حکام کوتفصیلی پریزنٹیشنزدیں جن میں جنوبی بلاک میں ملٹری آپریشنز ڈائئریکٹوریٹ میںوزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع منوہر پریکر اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کے اجلا س بھی شامل ہیں۔مغربی ائیر کمانڈ کےسربراہ ایئر مارشل ایس بی دیو مختلف ہوائی اڈوں پر گئے، اس کے علاوہ بھارتی فوج کے جنوب مغربی کمان (جے پور)، ویسٹرن کمانڈ (چنڈ یمندر) اور شمالی کمان (اودھمپور) کے سربرا ہا ن نے بھی علاقوں کا جائزہ لیا۔مغربی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سریندر سنگھ نے مقبوضہ جموں پٹھانکوٹ خطے کا دورہ کیا اور کمانڈروں کوہدایت کی کہ وہ آپریشنل تیاری رکھیں اورتمام عملے کو مختصر نوٹس پر دستیاب ہو نے کی ہدایت کی گئی۔
تازہ ترین