• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسانوں پریلغارقابل مذمت،آمرانہ طرزحکومت قبول نہیں کرینگے،عمران خان

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کسانوں پر حکومتی یلغار کی شدید ترین الفاظ میںمذمت کی ہے۔مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں کسانوں کے خلاف اتنا سخت گیر رویہ کسی حکومت نے اختیار نہیں کیا ، ن لیگ کسانوں کے معاشی قتل کے بعد ان کے سیاسی حقوق بھی غصب کرنا چاہتی ہے ، بھارت میں کسان خوشحال پاکستان میں ذلیل و خوار ہو رہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ گرفتارر کسان فوری رہا نہ کئے گئے تو تحریک انصاف اپنا لائحہ عمل دے گی ، آمرانہ طرز حکومت قبول کریں گے نہ اس کی اجازت دیں گے۔جبکہ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے کسان اتحاد کے اراکین کی گرفتاری انتہائی قابل مذمت ہے ، پنجاب اسمبلی کے باہر پرامن احتجاج کا ارادہ رکھنے والے کسانوں پر حکومتی یلغار سراسر زیادتی اور قابل مذمت ہے ، پنجاب حکومت کا اقدام مکمل طور پر آمرانہ اور جمہوری اقدار سے متصادم ہے ، کسان اتحاد کے  اراکین کو فی الفور رہا کیا جائے ۔ دریں اثنا تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ہے کہ کسانوں کو زیر حراست لے کر پنجاب حکومت نے جمہوریت کی توہین کی ہے ، ن لیگ طاقت و اقتدار کے نشے میں ہر جمہوری اور آئینی روایت کو روند ڈالنا چاہتی ہے ، حکومت کسانوں پر عرصہ حیات تنگ نہ کرتی تو کسان احتجاج نہ کرتے، 30 ستمبر کو تحریک انصاف تخت رائیونڈ سے کسانوں پر ظلم کا بھی حساب مانگے گی۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ رائیونڈ مارچ کی کامیابی کے آثار سے حکومت بوکھلا ہٹ کا شکار ہو چکی ہے ۔ زیر حراست کسان فوری اور با عز ت انداز میں رہا نہ کئے گئے تو حکمرانوں سے جواب مانگیں گے۔
تازہ ترین