• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ ہوتی نظر نہیں آرہی ،بھارت کنٹرول لائن پر کارروائی کرسکتا ہے،نجم سیٹھی

کراچی(ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ سارک کانفرنس میں بھارت کی عدم شرکت سے پاکستان کو کوئی نقصان نہیں ہوگا، موجودہ حالات میں سارک کانفرنس ہوتی تو بدمزگی ہونے کی توقع تھی پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ہوتی نظر نہیں آرہی ہے،بھارتی فوج کنٹرول لائن پر کارروائی کرسکتی ہے۔ بھار ت سندھ طاس معاہدہ ختم نہیں کرے گا، بھارت پانی کے معاملہ پر پاکستان کو تنگ کرے گا، آئندہ چھ مہینے میں پاک بھارت بیک چینل ڈپلومیسی شروع ہونے کی توقع کی جاسکتی ہے، سپریم کورٹ پاناما لیکس پر درخواستوں پر سوچ سمجھ کر غیرمتنازع راستہ اختیار کرے گا، وزیراعظم نواز شریف نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے سوال کا جواب نہ دے کر صحیح کیا، وہ جو جواب بھی دیتے تنازع کھڑا ہوجاتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پاک بھارت تعلقات میں تلخی کے حوالے سے تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ سارک فورم کی حیثیت صرف علامتی ہے، سارک کانفرنس میں بھار ت کی عدم شرکت سے پاکستان کو کوئی نقصان نہیں ہوگا، موجودہ حالات میں سارک کانفرنس ہوتی تو بدمزگی ہونے کی توقع تھی، سارک کانفرنس میں شرکت نہ کرنے جیسے چھوٹے فیصلے انڈیا کی اپنی توہین ہے، بھارتی قیادت کو اپنی رائے عامہ کو خوش کرنے کیلئے کچھ تو کرنا تھا اس لئے انہوں نے سارک کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ پچھلے کچھ عرصہ سے افغانستان اور بنگلہ دیش نے بھارت کے ساتھ اتحاد بنایا ہوا ہے، بھارت کے ساتھ افغانستان اور بنگلہ دیش کا اتحاد مستقل نہیں ہونا چاہئے، پاکستان سفارتی سطح پر افغانستان سے دوبارہ تعلقات بہتر کرے اور بنگلہ دیش کو غیرجانبدار بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ہوتی نظر نہیں آرہی ہے، بھارت سندھ طاس معاہدہ ختم نہیں کرے گا، موجودہ ماحول میں پاک بھارت مذاکرات کی توقع نہیں کی جاسکتی ہے، آئندہ دنوں میں لائن آف کنٹرول پر تناؤ بہت زیادہ بڑھ جائے گا، بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر کوئی کارروائی کرسکتی ہے، بھارت پانی کے معاملہ پر پاکستان کو تنگ کرے گا، بھارت سیلاب کے دنوں میں پاکستان کی طرف زیادہ پانی چھوڑ ے گا جبکہ جس وقت پاکستانی دریاؤں میں پانی کم ہوگا وہ پانی روک لے گا، آئندہ چھ مہینے میں پاک بھارت بیک چینل ڈپلومیسی شروع ہونے کی توقع کی جاسکتی ہے، بھارت میں کشمیر کے حوالے سے بہت دباؤ ہے اس لئے ممکن ہے انڈیا کشمیر میں کچھ نئے اقدامات کرے ۔ سپریم کورٹ کے پاناما لیکس اور وزیراعظم کی نااہلی کی درخواستوں پر اعترا ضا ت ختم کرنے پر تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ سپریم کورٹ پاناما لیکس پر درخواستوں پر سوچ سمجھ کر غیرمتنازع راستہ اختیار کرے گا، پاناما لیکس کی درخواستوں پر سپریم کورٹ کی طرف سے بڑے فیصلوں کی توقع نہ کی جائے۔ منیب فاروق کے سوال رائیونڈ مارچ میں پرانی جماعتیں عمران خان کے ساتھ کیوں نہیں؟ کے جواب میں تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے پاکستان آنے اور واپس جانے کی وجہ سب کو پتا ہے، چوہد ر ی برادران ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر سیاست کرتے ہیں، اگر اسٹیبلشمنٹ گھر بیٹھنے کا کہتی ہے تو وہ گھر بیٹھ جائیں گے،عمران خان کے پاس رائیونڈ مارچ ختم کرنے کا آپشن نہیں ہے۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے سوال پر نواز شریف کے ردعمل پر تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے سوال کا جو بھی جواب دیتے تنازع کھڑا ہوجاتا،اس لئے نواز شریف نے کوئی جواب نہیں دیا جو بالکل صحیح ردعمل تھا، اس قسم کا سوال پوچھنا شرارت ہی ہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ماضی دیکھا جائے تو پتا چلتا ہے کہ جب بھی کوئی جنرل تین سال سے زیادہ آرمی چیف رہتا ہے تو سیاست میں شامل ہوجاتا ہے جس کے اچھے نتائج  نہیں نکلتے ہیں، جنرل راحیل شریف کی صورت میں ہمیں زبردست آرمی چیف ملا ہے، پوری قوم جنرل راحیل شریف کی عزت کرتی ہے، جنرل راحیل شریف اپنی institutional strength اور personal integrity کو قربان نہیں کریں گے، حکومت آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع دیتی ہے تو انہیں اور آرمی کو خراب کرے گی، لوگ یہی کہیں گے کہ حکومت انہیں خریدنے کی کوشش کررہی ہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ فوج کے ادارے کی مضبوطی ، ملک کی بھلائی اور سیاستدانوں کے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کیلئے ضروری ہے کہ آرمی چیفس اپنے وقت پر ریٹائر ہوجائیں اور وزیراعظم وقت پر صاف و شفاف انتخابات کروائیں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ جنرل راحیل شریف نے مدت ملازمت میں توسیع نہیں مانگی اور حکومت ایسا کرنے کا سوچ بھی نہیں رہی ہے، نئے آرمی چیف کا اعلان اگلے مہینے کے آخر میں ہوسکتا ہے۔
تازہ ترین