• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ہمسایہ ممالک کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کرے،ا مریکا

واشنگٹن ( خبر ایجنسیاں، واجد علی سید) امریکا نے کہاہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف سنجیدہ اور مؤثر کارروائیاں کررہاہے تاہم  ہمسایہ ممالک کو نشانہ بنانے والے دہشتگردوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے، دہشتگردی اور شدت پسندی سے نمٹنے میں اسلام آبادسے تعاون کریں گے، امریکا کی توجہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی صلاحیتیں بڑھانے پر مرکوز ہے۔گزشتہ روز امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان نے شدت پسندی کے خلاف بھرپور اور سنجیدہ مہم شروع کی ہوئی ہےلیکن پاکستان پڑوسیوں کو ہدف بنانے والے عسکریت پسندوں کے خلاف بھی کارروائی کرے اور دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانے بند کردے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کا طویل عرصے سے یہ موقف ہے کہ بھارت اور پاکستان تعلقات معمول پر لا کر اور متحرک تعاون کے ذریعے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، امریکا اس بات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ بھارت اور پاکستان براہ راست مذاکرات شروع کر کے کشیدگی میں کمی لا سکتے ہیں۔ امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان سے جب یہ سوال کیا گیا کہ بھارتی امریکنز نے وائٹ ہاؤس کو ایک درخواست بھیجی ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ پاکستان کو دہشتگردی کی حمایت کرنے والا ملک قرار دیا جائے، تو ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف بھرپور مہم چلا رکھی ہے جس میں اسے کامیابی حاصل ہوئی ہے ہم یہ یقین کرتے ہیں کہ پاکستان اس سلسلے میں کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے اور وہ دہشتگردوں کے خلاف موثر اقدامات کر رہا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے ساتھ تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ امریکہ کے دونوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔
تازہ ترین