• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان مخالف سرگرمیوں پرالطاف حسین کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی حسنین رضا نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف پاکستان مخالف تقریر کرنے، نعرے لگانے، دشمن ممالک کو مدد کیلئے پکارنے اور لوگوں کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا، ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے ممبر ملک صالح محمد ایڈووکیٹ نے شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کے ذریعے  عدالت میں 22Aکے تحت ایک درخواست دائر کی تھی جس میں ان کا موقف تھا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے 22اگست کو لندن سے ٹیلی فونک تقریر کے دوران پاکستان کو ایک ناسور، دہشت گردی کا مرکز قرار دیکر دشمن ممالک کو مدد کیلئے پکارا تھا اس کے علاوہ انہوںنے تعصب پر مبنی انتہائی زہریلی زبان استعمال کرتے ہوئے کراچی کے شہریوں کو بغاوت پر اکسایا اور باقاعدہ پاکستان مردہ باد کے نعرے لگوائے تھے ان کی اس زہرآلود تقریر سے جہاں دشمن ممالک کو ہمارے خلاف باتیں کرنے کا موقع ملا وہاں محب وطن شہریوں کے جذبات کو بھی سخت ٹھیس پہنچی ہے، درخواست گزار کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں کہ الطاف حسین نے بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کیخلاف زہر اگلا اور لوگوں کو تشدد پر اکسایا ہو، درخواست گزار کے مطابق اس ملک دشمن کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کیلئے  ہم نے تھانہ سول لائن میں باقاعدہ درخواست دی تھی لیکن پولیس کوئی کارروائی کرنے کو تیار نہیں ہے، عدالت نے قانونی تقاضے پورے ہونے پر گزشتہ روز سی پی او راولپنڈی کو حکم دیا کہ الطاف حسین کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے باقاعدہ مقدمہ درج کیا جائے، قبل ازیں ملک صالح محمد ایڈووکیٹ نے ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے سات ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں الطاف حسین کیخلاف ہرزہ سرائی اور گندی زبان استعمال کرنے پر ایک مذمتی قرارداد پیش کی تھی جسے وکلا نے مشترکہ طور پر منظور کر لیا تھا۔
تازہ ترین