• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ، شیشہ نوشی ازخود نوٹس کیس میں سیکرٹری تجارت کو شوکاز نوٹس جاری

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نےʼʼعوامی مقامات پر کھلے عام سگریٹ نوشی اور جابجا کھلے ہوئے شیشہ گھروں میں ہونے والی نوجوان نسل کی تباہی‘‘ سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران نوٹس کے باوجود وفاقی سیکرٹری تجارت کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بینچ نے منگل کے روز از خود نوٹس کیس کی سماعت کی تو عدالت کو بتایا گیا کہ سیکرٹری کامرس ملک سے باہر چلے گئے ہیں ، جس پر امیر ہانی مسلم نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے انہیں آج ذاتی طور پر پیش ہونے کی ہدایت کی تھی و ہ عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک کیوں چلے گئے ہیں۔ فاضل چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ شیشے کا استعمال روکنے کے حوالے سے خیبرپختونخوا اورپنجاب میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے ۔ لیکن سندھ میں سپریم کورٹ کے احکامات کا غلط استعمال کیا جارہا ہے، انہوں نے لاء افسران سے استفسار کیا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا ہے۔ اجلاس بلانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا ہے ،سیکرٹری کامرس نے عدالت میں پیش نہ ہوکر توہین عدالت کی ہے، دوران سماعت وفاقی سیکرٹری صحت نے عدالت کو بتایا کہ ملک میں شیشے کی استعمال کی روک تھام کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں،اور شیشے کی درآمد پر پابندی لگانے کیلئے قانون سازی جلد متوقع ہے اور کابینہ کے 30ستمبر کو ہونے والے اجلاس کے ایجنڈا میں یہ معاملہ سرفہرست ہے اس میں پیش رفت آہستہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ اس میں پانچ سے چھ وزارتیں ملوث ہیں۔ بعدا زا ں فاضل عدالت نے چاروں صوبائی حکومتوں کو شیشہ نوشی کے خلا ف عدالت کے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنا نے کی ہدایت اور مذکورہ بالا حکم کے ساتھ کیس کی مزید سماعت 9اکتوبر تک ملتوی کردی۔
تازہ ترین