• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کو مسئلہ کشمیر مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا مشورہ دیا ہے، ایرانی سفیر

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان میں متعین ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر ایران نے بھارت کو مذاکرات کے ذریعے معاملات طے کرنے کا مشورہ دیا ہے پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر  نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات ماضی کی نسبت اب بہت مضبوط ہیں، بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کے معاملے پر ایران پر غلط الزام لگا تھا،بھارت کو کہتے ہیں کہ وہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرے۔ منگل کو نیشنل پریس کلب میں ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایرنا کی اردو ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  ایرانی سفیر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان آئی ٹی، توانائی اور دیگر اہم منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ایرانی گیس سے پاکستان کی صنعتوں کی صورتحال بہتر ہو گی اور بجلی کی فراہمی سے توانائی کے بحران کے خاتمے میں مدد ملی گی۔  انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی را کے ایجنٹ کلبھوش یادیو کے معاملے پر ایران بدنما دھبہ لگا تھا، تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ اس میں ایران کی کوئی مداخلت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستانی سرحد سے داخل ہونے والے چھ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔ جن کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔ اس موقع پر قائم مقام صدر نوید اکبر، سیکرٹری عمران یعقوب ڈھلون اور ایرنا کے بیورو چیف محمد رضا منافی نے بھی خطاب کیا۔ محمد رضا منافی نے ایرنا کی اردو سروس کے قیام اور اس کی افادیت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ نیشنل پریس کلب کی طرف سے ایرانی سفیر کو اعزازی رکنیت دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔
تازہ ترین