• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امیگریشن کے مسئلے پر کوئی جھوٹا وعدہ نہیں کریں گے، جرمی کوربن

لیور پول (جنگ نیوز) لیبر پارٹی کے رہنما جرمی کوربن نے کہا ہے کہ امیگریشن کے معاملے پر کوئی جھوٹا وعدہ نہیں کریں گے، لیبر پارٹی امیگریشن کی تعدادکے مسئلے پر جھوٹے وعدے کرکے خدشات کو ہوا نہیں دے گی، ملکی معیشت مائیگرنٹس کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ہم اقتدار میں آکر مائیگرنٹ ورکرز کے استحصال کا خاتمہ کریں گے، پارٹی میں اندرونی لڑائیوں کا خاتمہ کرکے عام انتخابات کے لئے تیاری کی جائے، انھوں نے کہا کہ ایک نئے فنڈ سے امیگریشن کے حقیقی مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ لیور پول میں لیبر پارٹی کی کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جرمی کوربن نے لیبر رہنماؤں اور کارکنوں سے پارٹی میں اندرونی خلفشار کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی میں اندرونی لڑائیوں کا خاتمہ کرکے عام انتخابات کے لئے تیاری کی جائے۔ واضح رہے کہ جرمی کوربن گذشتہ ہفتے ہی دوبارہ لیبر رہنما منتخب کئے گئے ہیں، انھیں شیڈو کابینہ کے الیکشن کے لئے واپس لایا گیا ہے، شیڈو کابینہ کا الیکشن کئی ارکان پارلیمان کا مطالبہ تھا، جنھوں نے موسم گرما میں واک آؤٹ کر دیا تھا، جس کی بناء لیڈر شپ کا الیکشن کرانا پڑا تھا۔ پارٹی کے سینیر رہنماؤں کی خواہش ہے کہ داخلی تنازعات ختم کرکے پارٹی کو مضبوط کیا جائے اور حکومت کا مقابلہ کیا جائے۔ جرمی کوربن کی تقریر کے موقع پر ان کے ترجمان نے بتایا ہے کہ شیڈو کابینہ میں وزرا کی تعداد زیادہ نہیں ہوگی، کچھ نام سرپرائز بھی دیں گے۔ جرمی کوربن نے کہا کہ پارٹی کی ذمے داری ہے کہ وہ ’اقتدار کی منتظر پارٹی‘ کی طرح معاملات چلائے، کیوں کہ تھریسا مے بھی شاید اگلے سال قبل از وقت الیکشن کرا دیں۔ یورپی یونین ریفرنڈم کے بعد کچھ ارکان پارلیمان نے مطالبہ کیا ہے لیبر پارٹی کو امیگریشن کی تعداد میں کمی کے لئے اصلاحات کی حمایت کرنا چاہئے، مگر جرمی کوربن نے بی بی سی ریڈیو 4کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مائیگرنٹ فنڈ سے لوگوں کے تحفظات دور ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ ملکی معیشت مائیگرنٹس کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ انھوں نے کہا کہ میرا وعدہ ہے کہ وزیر اعظم بننے کے بعد دباؤ کا شکار صحت، ہاؤسنگ اور تعلیم جیسے اداروں میں ریلیف کے لئے کام کروں گا، جیسا کہ امیگریشن کی زیادہ تعداد کی وجہ سے ان اداروں کی کارکردگی متاثر ہوئی ہے، تاہم لیبر اس ضمن میں کوئی جھوٹا وعدہ نہیں کرے گی، ہم مائیگرنٹ ورکرز کے استحصال کا خاتمہ کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ٹوری پارٹی ملک کو پیچھے کی طرف لے جا رہی ہے، حکمران جماعت دور حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے میں ناکام نظر آتی ہے۔ جرمی کوربن کے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے ہوم سیکریٹری امبر رڈ نے کہا ہے کہ مسٹر کوربن کی باتوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ لامحدود امیگریشن کے خواہاں ہیں۔
تازہ ترین