لندن( جنگ نیوز)برطانیہ کے سب سے سینیر پولیس افسر سربرنارڈ ہوگن ہوو نے کہا ہے کہ لندن سمیت بڑے شہروں میں اسلحے کی بہتات گن گرائم میں اضافے کا سبب بن رہی ہے، لندن اور دوسرے شہروں میں ریکارڈ تعداد میں اسلحہ سمگل ہورہا ہے۔ انھوں نے لندن کے سٹی ہال میں ہونے والی ایک سماعت میں بتایا کہ میٹروپولیٹن پولیس نے 2015میں ریکارڈ تعداد میں اسلحہ ضبط کیا تھا ، جس میں سیمی آٹومیٹک گنز بھی شامل ہیں ، یہ صورت حال تشویش ناک ہے۔ سربرنارڈ نے کہا کہ ہم نے اس سے پہلے اتنی زیادہ تعداد میں اسلحہ ضبط نہیں کیا، گذشتہ سال ہم نے 714گنز ضبط کی تھیں، اوسطاً دو گنز یومیہ۔ انھوں نے کہا کہ مانچسٹر، برمنگھم، لیڈز، لیورپول ہر بڑے شہر میں اسلحے کی فراوانی ہے۔ سربرنارڈ نے بتایا کہ برطانیہ میں زیادہ تر غیرقانونی اسلحہ مشرقی یورپ کے ممالک البانیہ اور لتھوانیا سے آتا ہے ، جب کہ اب فرانس سے بھی اسلحہ آنے لگا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نیشنل کرائم ایجنسی کے ساتھ مل کر اسلحے کی سپلائی کے راستوں کو ہدف بنارہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ سے بھی اسلحہ آنے لگا ہے، اگست 2016تک لندن میں 302مہلک ہتھیار آئے تھے ، گذشتہ سال کے مقابلے میں اس سال 91مہلک ہتھیار زیادآئے۔ گذشتہ ماہ مئی میں سربرنارڈ نے متنبہ کیا تھا کہ اسلحے کی وافر دستیابی کا مطلب ہے کہ دہشت گردوں کے پاس مہلک ہتھیاحاصل کرنے کے زیادہ مواقع ہیں۔ واضح رہے کہ سکاٹ لینڈ یارڈ نے لندن میں فائرنگ کے واقعات میں اضافے کے بعد گن کرائم کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا تھا ، جسے آپریشن وائپر کا نام دیا گیا تھا۔