• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، بیرسٹر سلطان

بریڈ فورڈ(محمد رجاسب مغل)سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیری طویل عرصہ سے تحریک آزادی کشمیر کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں۔ بھارت کچھ بھی کرلے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبایانہیں جاسکتا۔بھات نے کنٹرول لائن پر اگر میلی آنکھ سے دیکھا تو کشمیری عوام لائن آف کنٹرول کو بھارتی افواج کا قبرستان بنادیں گے۔ دو ایٹمی قوتوں کے درمیان سلگتا ہوا کشمیر پورے ریجن کے لئے ایک لاوابن سکتا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کو اب سنجیدہ کردار ادا کرنا ہوگا وہ اقوام متحدہ کے مرکزی دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرے کے بعد برطانیہ میں چوہدری محمد مالک کی رہائش گاہ پر کمیونٹی سے خطاب کردئیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا جنرل اسمبلی میں خطاب مایوس کن اور معذرت خوانہ تھا، وہ بین الاقوامی برادری کے ضمیر کو جھنجوڑنے میں ناکام رہے ۔ تحریک آزادی کشمیر ہمارے ایمان کا حصہ ہے بین الاقوامی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے باور کراتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں جس طرح نوجوان کشمیریوں کو شہید کیاجارہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں اس پر عالمی برادری کو اپنا دھرامعیار ترک کرنا چاہئے اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر ڈھائے جانے والے مظالم اور بھارت کے مکروہ چہرے کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے گزشتہ برس ہم نے جس طرح ملین مارچ کیے اور بھارت کی نیندیں اڑیں اس سلسلے کو ہم نے ختم نہیں کیا۔ آزاد کشمیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اپنی کرپشن چھپانے کے لئے کینگرو حکومت قائم کی ہے حالیہ انتخابات میں عوام کے مینڈیٹ کو چرایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام عمران خان کے کرپشن کے خلاف مارچ میں ان کے ساتھ ہیں، رائے ونڈ کے مقام پر عمران خان کی قیادت میں اس ریلی سے نوازشریف کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی۔ پانامہ لیکس کے بعد قوم جان چکی ہے کہ حکمرانوں نے کرپشن کی ہے اور اس کی کرپشن کو ایکسپوز کرنے کے لئے ہم ہر جگہ ریلیوں اور جلوس نکال رہے ہیں جو کہ ہمار ا جمہوری حق ہے 30ستمبر کو رائے ونڈ کی کرپشن کے خلاف احتجاجی ریلی میں آزاد کشمیر کے عوام بھرپور شرکت کریں گے۔ تقریب میں سابق امیدوار اسمبلی چوہدری اخلاق ، طارق ایوب، ارشد برقی کونسلر عابد جماعتی، حاجی ظفر اقبال، چوہدری غضنفر ، ڈاکٹر پرویز نیو کاسل، سابق کونسلر صوفی امین، ملک رحمت اعوان، ممتاز ، ماجد علی ، چوہدری فاضل، چوہدری شیراز احمد، ڈاکٹر فیصل، شہباز اختر، چوہدری عنصر اور دیگر نے شرکت کرتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے شانہ بشانہ چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تازہ ترین