• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف نے لندن میں مظاہرے منسوخ کر دیئے

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف نے لندن میں اپنے مظاہرے منسوخ کر دیئے ہیں، مسلم لیگ نے پی ٹی آئی کے ایک گروپ کی جانب سے 30ستمبر کو لندن میں نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کے فلیٹ کے سامنے مظاہرے کے اعلان کے بعد اتوار کو عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ کی قیام گاہ کے سامنے مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا تھا، لیکن خیال کیا جاتا ہے کہ پاکستان سے مسلم لیگ ن کی قیادت نے برطانیہ میں اپنی پارٹی کے رہنمائوں کو جمائما کے گھر کے سامنے مظاہرہ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے، ادھر پی ٹی آئی برطانیہ کے رہنما بیرسٹر وحید الرحمٰن میاں نے تصدیق کی ہے کہ پی ٹی آئی پاکستان کی قیادت نے لندن میں کسی طرح کے احتجاج اور مظاہرے کی ہدایت نہیں دی ہے جبکہ مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر زبیر گل نے تصدیق کی ہے کہ اتوار رچمنڈ ہائوس کے سامنے مجوزہ مظاہرہ منسوخ کر دیا گیا ہے زبیر گل نے بتایا کہ پاکستان سے ہماری قیادت نے مجوزہ احتجاج نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ قبل ازیں جمائما کے گھر کے سامنے مظاہرے کیلئے ہم ایک ہزار افراد کو لانے میں کامیاب رہے تھے اور اب اس سے بڑی تعداد میں لوگوں کو لاسکتے ہیں لیکن ہماری قیادت نے ہمیں احتجاج سے روک دیا ہے۔ بیرسٹر وحید الرحمٰن میاں نے دی نیوز کو بتایا کہ اگر ہماری قیادت نے ہدایت کی تو ہم لندن میں کسی بھی جگہ تو ہم اس سے گریز نہیں کریں گے لیکن ابھی ہمیں اس کی کوئی ہدایت نہیں ملی ہے، مجھے معلوم ہواہے کہ بعض لوگ حسن نواز کے گھر کے سامنے احتجاج کیلئے پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کے پیغام پھیلا رہے ہیں ہمارا اس گروپ اور ان کارکنوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
تازہ ترین