• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نمل یونیورسٹی کے 90فیصد طلبہ کے اخراجات ادارہ برداشت کرتا ہے، علیمہ خان

برسلز (نمائندہ جنگ) برسلز میں نمل یونیورسٹی کیلئے فنڈ ریزنگ کی ایک تقریب منعقد ہوئی جس کی مہمان خصوصی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران کی بہن علیمہ خان تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نمل کالج میں اس وقت 13پی ایچ ڈی اساتذہ ہیں جو ایسے طالب علموں کو پڑھا رہے ہیں جن کے 90فیصد تعلیمی اخراجات ادارہ برداشت کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کالج کا بریڈفورڈ یونیورسٹی سے الحاق ہے جس کے ذریعے طلبہ کیلئے یہ گنجائش موجود ہے کہ وہ جدید دنیا کے علم اور اس کی درسگاہوں سے بھی رابطہ رکھ سکیں۔ علیمہ خان نے مزید بتایا کہ وہ دنیا بھر کے100شہروں میں جاکر اس ادارے کیلئے فنڈز حاصل کرنے کاخواب رکھتی ہیں۔ اس حوالے سے برسلز 27واں شہر ہے۔ بعدازاں لوگوں نے عطیات کا اعلان بھی کیا۔ قبل ازیں میاں طارق کی نظامت میں شروع ہونے والی اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تجمل چیمہ نے کہا کہ بیرون ملک اپنے دیس واپس جاکر حسرتوں میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ اپنے وطن کے ہر اس پراجیکٹ کا ساتھ دیا جائے جو تعلیم کے فروغ کا سبب بنے۔ اس موقع پر یورپ بھر میں فنڈ ریزنگ کے اس پروگرام کے روحِ رواں یاسر قدیر، یاسر خان اور میاں طارق نے شرکائے تقریب کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا جب کہ مقامی طور پر جن لوگوں نے اس پروگرام کیلئے کوشش کی ان میں سرفراز رفیقی، ماسٹر غضنفر، مرزا مظہر، میاں مجید اور دیگر نمایاں تھے۔
تازہ ترین