• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیدنا عثمان غنیؓ دینی و دنیاوی دولت سے مالا مال تھے، علامہ سجاد رضوی

ہیلی فیکس (زاہد انور مرزا) معروف دینی سکالر، الفیض ٹرسٹ کے چیئرمین علامہ محمد سجاد رضوی نے حضرت عثمان غنیؓ کے فضائل و کمالات اور آپؓ کی بے مثال شخصیت کے شرف و مرتبہ کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہت سی خوبیوں میں سیدنا عثمان غنیؓ یگانہ و منفرد ہیں۔ یہ وہ عظیم صحابی رسول کریمﷺ ہیں جن کے عقد میں یکے بعد دیگرے آنحضرتﷺ کی دو بیٹیاں آئیں اور اسی وجہ سے آپ کو ذوالنورین یعنی ’’دو نوروں والے‘‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ خود نبی کریمﷺ نے فرمایا کہ میرے عثمانؓ سے فرشتے بھی حیا کرتے ہیں، شرم و حیا میں آپؓ کی شخصیت اسلامی دنیا کے لیے بہترین نمونہ ہے، آپؓ تو نگری اور استغناء سے نوازے گئے تھے، رب تعالیٰ نے بے شمار دولت سے نوازا اور بے مثال حوصلہ عطا فرمایا کہ خالق کائنات کے راستے میں خرچ کرنے سے کبھی دریغ نہ فرمایا، بلکہ جب بھی پیغمبر اسلامﷺ نے اعلان فرمایا آپؓ نے پہل کی اور سب سے بڑھ کر مال دیا۔ مسجد نبوی کی زمین آپؓ نے اپنی ذاتی جیب سے خرید کر وقف فرمائی، مدینہ طیبہ میں میٹھے پانی کا کنواں اپنے مال سے خریدکر مسلمانوں کے لیے وقف کیا اور غزوہ تبوک کے موقع پر اتنا مال راہ حق میں دیا کہ نبی اعظمﷺ نے ہاتھ اٹھاکر آپؓ کو دعائیں عطا فرمائیں۔ صلح حدیبیہ کے موقع پر آپؓ ہی وہ ہستی ہیں جنہیں سفیر بناکر مکہ مکرمہ کی طرف روانہ کیا گیا نیز آپؓ کو ہی یہ شرف حاصل ہے کہ آپؓ کی طرف سے خود اپنا ہاتھ نبی کریمﷺ نے اپنی بیعت کے لیے استعمال فرمایا اور بیعت عثمانؓ کی جب آپؓ مکہ کی سرزمین پر تھے اور دشمنوں نے افواہ پھیلائی کہ آپؓ شہید کردئیے گئے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ حضرت عثمان غنیؓ کے فضائل و کمالات گنتی سے باہر ہیں، مگر آپؓ کی شخصیت اصل اسلام کے لیے عظیم نمونہ ہے۔
تازہ ترین