• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عقیدہ ختم نبوت کسی دلیل کا محتاج نہیں، پیر عتیق الرحمن

لندن(پ ر)علامہ صاحبزادہ پیر محمد عتیق الرحمن فیض پوری سجادہ نشین فیض پور شریف نے کہا ہےکہ عقیدہ ختم نبوت اسلام کے ان بنیادی عقائد میں ایک راسخ عقیدہ ہے جس پر پوری امت مسلمہ کا کلی اتفاق اور قطعی اجماع ہے جس طرح ایک مسلمان کے لئے اللہ تعالی کی توحید، نبی کریم سرکار مدینہﷺ کی رسالت، قیامت پر مکمل ایمان کسی دلیل کا محتاج نہیں، اسی طرح عقیدہ ختم نبوت پر کامل واکمل ایمان ہی ایک بندہ مومن کے ایمان کی معراج ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے برطانیہ پہنچنے پرمرکزی جماعت اہلسنت کے مرکزی قائدین و رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے قابل صد افتخار اور باعث مسرت ہے کہ اس عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہمارے مقدر اور نصیب میں آیا ہے جس طرح ہمارے ہی اسلاف واکابرین نے اس عقیدہ کے تحفظ اور تحفظ ناموس رسالت کے لئے لازوال قربانیاں دے کر اس کی آبیاری کی اور ان کی کوششیں بارآور ہوئیں اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے مطابق منکرین ختم نبوت دائرہ اسلام سے خارج ہیں یہی احکامات قرآن وحدیث سے بھی ثابت ہیں۔ ہماری زندگیاں بھی اس پاکیزہ مشن کے لئے وقف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت کی جدوجہد برطانیہ ویورپ کی تاریخ کاایک روشن باب ہے اور سالانہ عالمی تاجدار ختم نبوت سنی کانفرنس میں شمولیت باعث مسرت ہے۔ مرکزی جماعت اہلسنت یو کے اینڈ اورسیز ٹرسٹ کے بانی وسرپرست اعلیٰ مفکر اسلام علامہ ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر گیلانی نے کہا کہ حضور سید عالم سرورکائنات رحمت الللعالمین حضرت محمد رسول اللہ ﷺ اللہ تعالی کے آخری نبی اور رسول ہیں حضور نبی کریمﷺ کی آمد سے نبوت ورسالت کا سلسلہ ختم ہوگیا ہے، حضور ﷺکے بعد کوئی نبی نہیں آسکتا اب جو شخص بھی اپنے نبی ہونے کا دعویٰ کرتا ہے اور جو اس دعوے کو تسلیم کرتا ہے وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اور میری پوری جماعت اس راسخ عقیدے کی نقیب وپاسبان ہے اور گزشتہ چالیس سال سے یورپ میں اس تحریک کو آگے بڑھارہے ہیں اور الحمد للہ اللہ رب العزت نے ہمیں کامیابیوں اور کامرانیوں سے نوازا ہے۔ جماعت کے مرکزی صدر خطیب اسلام علامہ پروفیسر سید احمد حسین ترمذی نے کہا کہ ختم نبوت کا عقیدہ اسلام کی بنیادی ضرورت میں سے ہے یہ کوئی فروعی اختلافات میں سے عام اختلافات کی بات نہیں بلکہ اس سے معمولی اختلاف کرنے سے ایمان واسلام کی پوری عمارت ہی متزلزل ہوجاتی ہے اس لئے وقت کی اہم ضرورت اور پکار ہے کہ ہم اس سچے عقیدے سے برطانیہ ویورپ کے مسلمانوں تک پہنچانے کی بھرپور کوشش کریں اور انشاء اللہ یہ کانفرنس اس کے لئے بہت ہی مدد گار ثابت ہوگی۔ مرکزی جماعت اہلسنت کے جنرل سیکرٹری خطیب ملت علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ کے مبارک عہد کے آخری حصے میں ہی جھوٹے نبی ظاہر ہونا شروع ہوگئے تھے اور آقائے دوجہاں نبی رحمتﷺ نے اس کی سخت مدت وتکفیر کی اور خلیفہ اول خلیفہ الرسول افضل البشر بعداز انبیاء سرکار سید نا ابو بکر صدیقؓ نے اجل صحابہ کرام کی مشاورت سے اس کا قلع قمع کیا اور جھوٹی نبوت کے فتنوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔ یہ عالمی تاجدار ختم نبوت سنی کانفرنس سنت صدیقی کی ترجمان ہوگی اور جو سچا عقیدہ صحابہ کرام سے ملا ہے اس کی ممدو ومعاون ہوگی۔ جماعت کے مرکزی ترجمان پیر زادہ سید انور حسین کاظمی نے کہا کہ انشاءاللہ یہ عالمی تاجدار ختم نبوت سنی کانفرنس شوکت اسلام کا مظہر اور نبی کریمﷺ سے سچی محبت وعقیدت ووناکا درس دے گی۔ جماعت کے مرکزی خازن علامہ مفتی محمد خان قادری نے کہا کہ ہم اپنے محدود ومسائل کے باوجود پرچم اسلام کو تھامے ہوئے ہر اسلام دشمن تحریک کے مقابلے میں ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد ہیں اور منکرین ختم نبوت کی اسلام کے خلاف کی گئی سرگرمیوں کا انشاء اللہ محاسبہ کرتے ہوئے قرآن وسنت کی صحیح اور اعلیٰ تعلیمات کی ترویح واشاعت کریں گے اور یہ کانفرنس اسی مشن کی کڑی ہے۔
تازہ ترین