• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپین پارلیمنٹرینز کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش

لندن (پ ر) یورپین پارلیمنٹ کے ارکان نے بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا ہے کہ لوگوں کو علاقے میں انسانی امداد تک رسائی کی اجازت دی جائے۔ خطے میں110سے زائد کشمیری آزادی شہید ہوچکے ہیں جبکہ بھارتی فورسز کی جانب سے پیلٹ گنوں کے غیر انسانی استعمال کے نتیجے میں8000سے زائد بری طرح زخمی ہوچکے ہیں۔ یورپین ارکان پارلیمنٹ نے اپنی اس تشویش کا اظہار وزیراعظم پاکستان کے خصوصی مندوب ایم این اے اعجاز الحق اور ایم این اے ملک ایم عزیز خان کے دورہ برسلز کے دوران کیا۔ خصوصی مندوبین نے جموں و کشمیر کے بے گناہ لوگوں پر قابض بھارتی فوج کی جانب سے ظالمانہ کارروائیوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر یورپین پارلیمنٹ کے ارکان کو بریفنگ دی۔ ایم ای پیز میں امور خارجہ پر کمیٹی کے چیئرمین ایلمار بروک، ایم ای پی سجاد کریم، فرینڈز آف پاکستان گروپ کے چیئرمین ایم ای پی امجد بشیر، ایم ای پی افضل خان اور کئی دیگر ارکان شامل تھے۔ خصوصی مندوبین نے یورپین پارلیمنٹ میں کشمیر کونسل برسلز کی جانب سے منعقدہ کشمیر ویمنز کانفرنس میں بھی شرکت کی۔ خصوصی مندوبین نے یورپین پارلیمنٹ میں انڈیا سے تعلقات پر کمیٹی کی وائس چیئرمین نینا گل سے بھی ملاقات کی۔
تازہ ترین