• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیروٹ ہائیڈرل پراجیکٹ سے بجلی بحران کے خاتمے میں مدد ملے گی، فاروق حیدر

مظفر آباد( نامہ نگار) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے ہائیڈل کے شعبہ میں خاطر خواہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔آزادکشمیر کا خطہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ۔ کیروٹ ہائیڈرل پراجیکٹ سے 720میگا واٹ بجلی پیدا کی جائیگی جس سے نہ صرف نیشنل گریڈ میں بجلی کی مقدار میں اضافہ ہوگا بلکہ خطہ میں روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ آزادکشمیر میں سستی اور انوائرمنٹ فرینڈلی بجلی پیدا کرنے کا وسیع پوٹینشل موجود ہے۔چائینہ ہمارا دیرانہ دوست اسکے تعاون پر شکرگزار ہیں۔کیروٹ پراجیکٹ سی پیک کا حصہ ہے ۔سی پیک سے خطہ کی تقدیر بدل جائیگی اورمعیشت میں تیزی سے بہتری آئے گی۔کیروٹ پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کو حکومت اور عوام کی جانب سے مکمل تعاون کایقین دلاتا ہوں۔آزاد کشمیر میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بہترین ہے۔سرمایہ کار یہاں بلا خوف و خطر سرمایہ کاری کریں حکومت بھرپور تعاون کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں 720میگا واٹ کے کیروٹ ہائیڈرل پراجیکٹ کی ایگریمنٹ سائننگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرسیکرٹری برقیات فیاض علی عباسی،کیروٹ پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے نمائندہ مسٹر شینگ، پرائیویٹ پاور اینڈ انفاسٹرکچر کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہجہان مرزا نے بھی خطاب کیاجبکہ تقریب میں وزیر خزانہ ،منصوبہ بندی وترقیات ڈاکٹر محمد نجیب نقی،وزیر مال سردار فاروق سکندر خان،قائمقام چیف سیکرٹری ڈاکٹر سید آصف حسین شاہ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر،سیکرٹریز حکومت ،سربراہان محکمہ جات اور میڈیا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر کمپنی کی جانب سے وزیر اعظم کو پراجیکٹ سے متعلق بریفنگ بھی دی گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیروٹ پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے نمائندہ مسٹر شینگ نے کہا کہ چین نے پاکستان سے انرجی بحران کے خاتمہ کا تہیہ کر رکھا ہے۔چین کے تعاون سے پاکستان اور آزادکشمیر میں بجلی کے لاتعداد منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن کی تکمیل سے بجلی کا بحران کافی حد تک حل ہوجائیگا۔حکومت پاکستان اور آزادکشمیر کے ساتھ مکمل تعاون رہے گا اور بجلی کے تمام منصوبہ جات بروقت مکمل کیے جائیں گے،۔دریں اثنا وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بین الاقوامی سیاحتی دن کے موقع پر مظفرآباد قلعہ میں ٹور ازم فیسٹیول کی تقریب شرکت کی،آزاد کشمیر کے وزیر مال سردار فاروق سکندر ، سیکرٹری سیاحت سید ظہور الحسن گیلانی اور حکومت کے جملہ سیکرٹری صاحبان و اعلیٰ آفیسران نے تقریب میں شرکت کی ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر محکمہ سیاحت کو ہدایت کی کہ مظفرآباد کے اس تاریخی قلعہ کو اس کی اصل حالت میں واپس لانا ہے ۔یہ ہمارا قومی ورثہ ہے ۔ قلعہ کے ملحقہ تمام ناجائز تجاوزات کو ختم کیا جائے ۔انہوںنے کہا کہ نیلم وجہلم ویلیز کے قدرتی حسن کو مزید دلکش بنانے کے لیے محکمہ سیاحت اپنا رول اداکرے نیلم ویلی کے قدرتی حسن کو آلودگی سے محفوظ بنایا جائے اور اسی طرح آزادکشمیر کے دیگر سیاحتی مقامات پر جدید ٹور یسٹ ریزاٹ قائم کرے اور سیاحوں کو سیاحت کی ضروری سہولیات فراہم کرے۔وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو معاونت اور تحفظ فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹور ازم ڈیپارٹمنٹ سیاحت کے فروغ کے لیے آزاد کشمیر کے تمام انٹری پوائنٹس پر ٹور ازم انفارمیشن سنٹر قائم کرے اور بیرونی ممالک سے آنے والے سیاحوں کو بھرپور سہولت فراہم کرے ۔ حکومت سیاحت کوآزاد کشمیرمیں صنعت کا درجہ دے رہی ہے اس سے جہاں آزاد کشمیر کے معیشت مستحکم ہوگی وہاں مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی میسر آئینگے ۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر سہہ روزہ ٹورازم فیسٹیول میں نمایاں کارکردگی کے حامل افراد میں شیلڈز تقسیم کیں ۔ سیکرٹری سیاحت سید ظہور الحسن گیلانی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو شیلڈ پیش کی ۔
تازہ ترین