• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی نومنتخب کونسل کا پہلا اجلاس، وسیم اختر کی جیل سے آمد کا انتظار،ڈپٹی میئر نے صدارت کی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کی نو منتخب کونسل کا پہلا اجلاس ڈیڑھ گھنٹے تک میئر وسیم اختر کی جیل سے آمد کا انتظار کرنے کے بعد ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد وہرہ کی زیرصدارت منعقد ہوا پہلے اجلاس میں تمام جماعتوں کےپارلیمانی لیڈرز نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسائل پر سیاست نہیں انہیں حل کریں گے تمام پارٹیاں شہر کی خدمت کے لئے شانہ بشانہ ہوں گی کراچی کو ایک بارپھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔ عوام کے حقوق پرڈاکہ ڈالنے والوں کا گریبان پکڑیں گے۔ ایوان نے مختلف کمیٹیوں اور ان کے اراکین کی تعداد کی منظوری بھی دی اجلاس میں بعض اپوزیشن ارکان نے گزشتہ سالوں میں شہر کے خراب حالات اورانفرااسٹرکچر کی تباہی کا بھی ذکر کیا اجلاس جس کا وقت بدھ کی سہ پہر تین بجے مقرر تھا تاہم میئر کراچی وسیم اختر جن کے بارے میں بتایاگیا تھا کہ انہیں جیل سے اجلاس کی صدارت کے لئے لایا جارہاہے کونسل ہال میں تمام ارکان اور میڈیا انتظار کرتا رہا   تاہم انہیں اجازت نہ ملنے کی اطلاع کے بعد 4 بجکر 27 منٹ پر اجلاس کی باقاعدہ کارروائی کاآغاز کیا گیا۔ ڈپٹی میئر کے ساتھ میونسپل کمشنرڈاکٹر بدر جمیل اور کونسل افسر غفران احمد  اور دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ پورا ہال ارکان سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا تلاوت و نعت کے بعد ڈاکٹر ارشد وہرہ نے تاخیر پرارکان سے معذرت کی اور کہاکہ یہ ایوان چھ سات سال کے بعد وجود میں آیا ہے اس کے لئے اب سب کو محنت کرنا ہو گی۔ ایک ہی جذبے کے تحت عوام اور شہر کی خدمت کرنا ہو گی  اس موقع پر پیپلزپارٹی کی رکن منگلاشرما نےکونسل کے سابق رکن مائیکل جاوید کے انتقال پرقرارداد پیش کی جس پرایوان نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی بعدازاں ڈپٹی میئر نے ایوان میں مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈروں کا اعلان اور انہیں مختصر خطاب کی دعوت دی جبکہ متفقہ اپوزیشن لیڈر طے کرنے کے لئے آئندہ اجلاس تک معاملہ چھوڑ دیا پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈرکرم اللہ وقاصی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے عوام آخر بنیادی ضرورتوں سے کیوں محروم ہیں پیپلزپارٹی کے تمام ارکان تعاون کریں گے لیکن گزشتہ ادوار میں اسی ایوان میں ارکان کو بیلٹوں سے مارا گیا امید ہے آئندہ ایسی کوئی مثال قائم نہیں ہو گی۔ مسلم لیگ ن کے لیڈر امان خان آفریدی اور ڈپٹی لیڈر ندیم اختر آرائیں ہوں گے۔ امان آفریدی نے کہاکہ یقین دلاتا ہوں کہ پارٹی کی جانب سے شہریوں کی خدمت کے لئے شانہ بشانہ رہیں گے  جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر محمدجنید میکاتی نے  کہاکہ ترستا ہوا محرومیوں کاشہر ہم سب کی توجہ چاہتاہے کراچی کچرا کنڈی بن گیا ہے ،پچھلے تیس سال سے جو لوگ منتخب ہوتے رہے یہ ان کی غفلت کانتیجہ ہے  جمعیت علمائے اسلام کے ایوان میں سربراہ سید اکبر ہاشمی نے کہاکہ یہ شہر نفرتوں کا شہر  رہا ہے اب لوگ توقع رکھتے ہیں کہ شہر کی خدمت کریں گے ۔ تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شمیم فردوس نقوی نے کہاکہ شہر کے مسائل اتنے زیادہ ہیں اگر متحد ہو کرآگے نہیں بڑھے تو یہ حل نہیں ہوں گے  ایم کیو ایم کے چیف وہپ عارف خان ایڈووکیٹ   نےاپنی اور پارٹی کی طرف سے تمام جماعتوں کے منتخب نمائندوں کو مبارکباد دی اورکہاکہ اگر آپ اور ہمارا تعاون رہا تو اس کراچی کو صاف ستھرا اورروشنی کا شہر بنائیں گے ڈپٹی میئرنے ایک بارپھر اپنے خطاب میں کہاکہ یہاں سے سب ایک ساتھ سرخرو ہو کرجائیں  اور شہرکا قرض چکا دیں آئندہ اجلاس3اکتوبر کو دوپہر دوبجے منعقد ہو گا۔
تازہ ترین