• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذہنوں کی آبیاری کے بغیر دل و دماغ میں تبدیلی نہیں آسکتی،منورحسن

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا کہ جب تک لوگوں کے ذہنوں کی آبیاری نہ ہو دل و دماغ میں تبدیلی نہیں آسکتی ، جن لوگوں کے پاس دعوت کا ہتھیار ہے وہ ہتھیارنہیں اٹھاتے جماعت اسلامی پر امن طریقے سے دلوں کو مسخر کر کے تبدیلی لانے کی کوشش کررہی ہے ۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے  ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے اجتماع سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجتماع سے قیمہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان دردانہ صدیقی ، نائب قیمہ پاکستان،رعنا فضل ،ناظمہ صوبہ سندھ عطیہ نثار اور ناظمہ کراچی فرحانہ اورنگزیب نے بھی خطاب کیا ۔اجتماع ارکان میں کشمیر پر قرارداد بھی پیش کی گئی ۔ سید منور حسن نے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ دنیامیں مطالعہ کاکوئی نعم البدل نہیں اسلامی تحریکوں کے لیے ناگزیر ہے کہ وہ اپنے کارکنوں کو مطالعے کی طرف راغب کریں۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ ہمارے مسائل کاحل دیانت دار مخلص قیادت ہے، انہو ں نے کہا کہ جماعت اسلامی جس فلاحی ایجنڈے کے لیے کام کررہی ہے اس کی تشہیر عوام میں عام کی جائے ۔فرحانہ اورنگزیب نے کہا کہ ارکان دعوت اور تربیت کے میدان میں بھرپور کردار اداکریں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی اجتماعیت کے بارے میں جانتے رہنا چاہیئے اور اپنے لٹریچر سے جڑے رہنا بحیثیت رکن ضروری ہے ۔
تازہ ترین