• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سارک کانفرنس ملتوی نہیں ہوئی ، بھارت سے مذاکرات چاہتے ہیں، محمد زبیر

کراچی (ٹی وی رپورٹ ) مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ سارک کانفرنس ابھی تک ملتوی نہیں ہوئی ہے، وزیراعظم نواز شریف بھارت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنا چاہتے ہیں، بھارت کو شکایت پاکستان سے ہے لیکن بدلہ کشمیریوں سے لیتا ہے،کسان اتحاد کے رہنما سڑک پر احتجاج کرنے کے بجائے حکومت سے بات کریں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں تجزیہ کار مشرف زیدی،سینئر بھارتی صحافی کلدیپ نائراور معرو ف بھارتی اداکار اوم پوری بھی شریک تھے جبکہ کسانوں کے مسائل پر پاکستان کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھرسے بھی گفتگو کی گئی۔خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ کسانوں کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے، حکومت ہمیں بھی وہ مراعات دے جو انڈین کاشتکار کے پاس ہے، ہماری وزیراعظم نواز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب سے ملنے کی تمام کوششیں رائیگاں گئی ہیں۔کلدیپ نائر نے کہا کہ بھارتی حکومت نے سارک کانفرنس کا بائیکاٹ کر کے اوڑی حملے پر احتجاج کیا ہے، پاکستان اور بھارت میں جاری سرد جنگ کو ختم کرنے کے راستے ڈھونڈنے ہوں گے۔اوم پوری نے کہا کہ پاکستانی فنکاروں کو بھارت میں کوئی خطرہ نہیں ہے، پاکستانی اداکاروں پر پابندی کی بات ایک چھوٹا سا گروپ کررہا ہے،پاکستا ن میں کچھ نام نہاد مذہبی لوگ کھلے عام گھومتے اور تقریریں کرتے ہیں۔مشرف زیدی نے کہا کہ خطے میں کشیدگی سے سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہورہا ہے۔محمد زبیر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سارک کانفرنس ابھی تک ملتوی نہیں ہوئی ہے، سرکاری طور پر سارک کانفرنس ملتوی ہونے سے آگاہ نہیں کیا گیا ہے، سارک کانفرنس میں انڈیا کی عدم شرکت کا اثر تمام سارک ممالک پر ہوگا، دنیا میں کوئی ملک خطے میں تجارت کے بغیر ترقی نہیں کرتا ہے، پاک بھارت خراب تعلقات کو جلد از جلد بہتر ورکنگ ریلیشن شپ میں بدلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف بھارت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنا چاہتے ہیں، بھارت میں کرن جوہر کو پاکستانی ادا کار و ں کی حمایت میں بیان مہنگا پڑگیا، کرن جوہر کے گھر کے باہر مظاہرہ کیا گیا، پولیس نے بڑی مشکل سے ان کو بچایا، بھارت کو شکایت پاکستان سے ہے لیکن بدلہ کشمیریوں سے لیتا ہے۔محمد زبیر کا کہنا تھا کہ کسان پیکیج میں کیے گئے وعدوں پر عمل کیا جائے گا، کسان اتحاد کے رہنما سڑک پر احتجاج کرنے کے بجائے حکومت سے بات کریں، سیاسی جماعتیں کسانوں کے احتجاج کا فائدہ اٹھارہی ہیں، کسان اتحاد کے رہنماؤں کی اسحاق ڈار سے ملاقات کروانے کیلئے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ امن کا عزم رکھتے ہیں، آپریشن ضرب عضب کے 90فیصد ہدف حاصل کیے جاچکے ہیں، وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں امن کیلئے قدم اٹھایا۔کلدیپ نائر نے کہا کہ سارک کانفرنس میں شرکت نہ کرنا بھارت کیلئے فائدہ یا نقصان کی بات نہیں ہے، اوڑی حملے کے بعد بھارت میں بہت غصہ ہے، بھارتی حکومت نے سارک کانفرنس کا بائیکاٹ کر کے اوڑی حملے پر احتجاج کیا ہے، پاکستان اور بھارت میں جاری سرد جنگ کو ختم کرنے کے راستے ڈھونڈنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں طرف نفرت پھیلانے والی تنظیمیں ہیں، یہ گروہ اپنے مخصوص اہداف کے حصول کیلئے کوششیں کررہے ہیں، نفرت پھیلانے والوں کو چپ کرانا ہوگا تاکہ پاکستان اور ہندوستان کے عوام کا پیار ظاہر ہو، پاکستان سے دہشتگر دو ں کے ہندوستان میں حملوں پر یہاں بہت غصہ ہے، پاکستان اپنی زمین ہندوستان پر حملوں کیلئے استعمال ہونے نہیں دے۔
تازہ ترین