• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوج جارحیت کیخلاف تیار ہے، ارکان پارلیمنٹ سے روابط بڑھانا چاہتے ہیں، جنرل راحیل

اسلام آباد (نمائندگان جنگ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی دفاعی پیداوار کے ارکان نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان پر زور دیا کہ وہ دنیا پر پاکستان کے دہشت گرد ملک ہونے کا تاثر ختم کریں۔ آرمی چیف نے عزم ظاہر کیا کہ چوکس اور مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لئے ہر طرح سے تیار ہیں۔ آرمی چیف نے خواہش ظاہر کی کہ وہ ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ روابط بڑھانا چاہتے ہیں۔ آرمی چیف نے واضح کیا کہ کراچی آپریشن یا کومبنگ آپریشنز کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ جہاں بھی تعاون درکار تھا وزیر اعظم اور حکومت نے فراہم کیا۔ قائمہ کمیٹی دفاعی پیدوار کے ارکان نے خواجہ سہیل منصور کی قیادت میں جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ جنگ/جیو نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ دورے کے دوران  ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے ارکان قومی اسمبلی کو خطے کی سکیورٹی صورتحال اور بھارتی جارحیت بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی موجود تھے۔ بریفنگ حاصل کرنے والے ارکان پارلیمنٹ سے پس پردہ ہونےوالی بات چیت سے معلوم ہوا کہ آرمی چیف نے عزم ظاہر کیا کہ چوکس اور مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لئے ہر طرح سے تیار ہیں۔ آرمی چیف نے خواہش ظاہر کی کہ وہ ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ روابط بڑھانا چاہتے ہیں۔ مسلح افواج ارکان پارلیمنٹ کو ملکی سکیورٹی پر بریفنگ اور درکار  دستاویزات فراہم کرنا چاہتی ہیں تاکہ ارکان پارلیمنٹ جب بیرون ممالک دوروں پر جائیں تو انہیں اصل حقائق معلوم ہوں۔ وہ دنیا کو بتا سکیں پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں نہیں ہیں بلکہ پاکستان کے خلاف کون کیسے کام کر رہا ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افغانستان سرحد کی افغان فوج نگرانی ہی نہیں کرتی بلکہ افغان ملٹری پولیس نگرانی کرتی ہے اور وہ بھی بعض علاقوں میں 220؍ کلومیٹر علاقے میں سرے سے موجود نہیں ہوتی۔ شرکاء نے بتایا کہ آرمی چیف نے واضح کیا کہ وہ بار بار کہہ چکے ہیں کہ کراچی آپریشن ہو یا کومبنگ آپریشنز کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں ہے‘ یہ آپریشنز دہشت گردوں اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تنظیمو ں اور افراد کے خلاف ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ آرمی چیف کے اس بیان پر ایم کیوایم کے رکن اور کمیٹی سربراہ خواجہ سہیل منصور اور پیپلز پارٹی کے رکن شبیر بجارانی نے کراچی میں امن کا اعتراف کیا اور مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔ آرمی چیف نے کہا کہ وزیراعظم اور حکومت نے جہاں تعاون درکار تھا‘ فراہم کیا ہے۔ آپریشن ضرب عضب بھرپور سیاسی حمایت کے باعث کامیاب ہوا ہے۔ عسکری مقاصد حاصل کرنے کے بعد اب باقی کام وہاں سول حکومتوں نے کرنا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ سی پیک کی سکیورٹی کے لئے سپیشل سکیورٹی ڈویژن بنانے کا جو کام ذمہ لگا اسے پورا کردیا ہے۔ دریں اثناء آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف نے جی ایچ کیو آمد پر پارلیمنٹیرنز کا خیرمقدم کیا اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن نے اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان کو سرحدوں پر سکیورٹی کی صورتحال‘ وطن عزیز کو درپیش خطرات افواج پاکستان کی آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی خواجہ سہیل منصور نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا جی ایچ کیو آمد پر اراکین پارلیمنٹ کا پرجوش خیرمقدم اور مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا۔ خواجہ سہیل منصور نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے اور پوری قوم جنگ اور امن کے دوران افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ چیئرمین خواجہ منصور سہیل کی قیادت میں قائمہ کمیٹی کے ارکان نے جی ایچ کیو میں یادگارہ شہداء پر خراج عقیدت پیش کیا‘ یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر آرمی چیف اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
تازہ ترین