• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی جلسہ منسوخ کردے اچھا پیغام جائے گا، طلال چوہدری

کراچی(ٹی وی رپورٹ) مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ انڈیا نے سرجیکل اسٹرائیک کی تو ایسا سبق سکھائیں جو مدتوں یاد رکھے گا،پاکستان نے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا ہے، اپنی ایٹمی صلاحیت اور افواج پر مکمل اعتماد ہے، پی ٹی آئی کل کا جلسہ منسوخ کردے تو پاکستان کیلئے اچھا پیغام جائے گا، پورا پاکستان انڈیا کیخلاف کچھ لوگ نواز شریف کیخلاف بول رہے ہیں۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما عمران ظفر لغاری،دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر) اعجاز اعوان اور تحریک انصاف کے رہنما شہریار خان آفریدی بھی شریک تھے۔عمران ظفر لغاری نے کہا کہ پوری دنیا میں پارلیمانی وفود بھیج کر ہندوستان کو بے نقاب کیا جائے، پیپلز پارٹی بھارت کے خلاف اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے، نواز شریف کا طرز حکمرانی پہلے کی طرح شاہانہ نظر آرہا ہے۔میجر جنرل( ر) اعجاز اعوان نے کہا کہ انڈیا نے پاکستانی سرحد کے پار کوئی سرجیکل اسٹرائیک نہیں کی ہے، انڈیا نے سرجیکل اسٹرائیک کا جھوٹ بول کر اپنی قوم کو مطمئن کرنے کی کوشش کی ہے، بھارت نے اُڑی کا ڈرامہ رچا کر اقوام متحدہ میں کشمیر میں اپنے مظالم کو چھپایا ہے۔شہریارخان آفریدی نے کہا کہ  پاکستان کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے کیلئے تیار ہیں، نریندر مودی کی احمقانہ سوچ کی وجہ سے تیسری عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے، عمران خان کل نریندر مودی کو واضح پیغام دیں گے، رائیونڈ مارچ وزیراعظم کے گھر کا گھیراؤ نہیں ہے۔حامد میر نے پروگرام میں بتایا کہ میرے ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج نے انڈین گولہ باری کا جواب چار جگہوں پر دیا ہے، ایک سیکٹرمیں انڈین فوج کی آٹھ جبکہ دوسرے سیکٹر میں چھ ہلاکتیں ہوئی ہیں، آزاد کشمیر کے علاقے تتہ پانی کے سامنے ایل او سی کے پار ساڑھے چار بجے تک انڈین فوج کے آٹھ جوانوں کی لاشیں پڑی ہوئی تھیں۔میجر جنرل( ر) اعجاز اعوان نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آرٹلری اور مارٹر ہتھیار استعمال کیے ہیں ، سرجیکل اسٹرائیک میں فضائی حملہ، میزائل حملہ یا فوجی دوسری جگہ اتارے جاتے ہیں مگر پاکستان میں ایسا کچھ نہیں ہوا، آج کل دنیا میں کسی بھی سرجیکل اسٹرائیک کی ویڈیو بھی بنائی جاتی ہے، ماڈرن ایئر کرافٹ سرجیکل اسٹرائیک کے وقت ویڈیو بھی بناتے ہیں جو پائلٹ اپنی رپورٹ کے ساتھ جمع کراتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فضائیہ کو ٹاپ الرٹ پر رہنا چاہئے کیونکہ انڈیا اپنی سبکی سے بوکھلا کر سرجیکل اسٹرائیک کرسکتا ہے۔اعجاز اعوان کا کہنا تھا کہ دنیا کو باور کرایا جائے کہ پاکستان کو مغربی سرحدوں سے فوج ہٹا کر مشرقی سرحدوں پر لانے پر مجبور کیا گیا تو دہشتگردی کے خلاف عالمی کوششوں کو نقصان پہنچے گا، کشمیر کے معاملہ پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے دنیا بھر میں وفود بھیجے جائیں، پاکستان میں ایمرجنسی کی صورتحال نہیں ہے، عمران خان کو کل جلسہ کرنے دیا جائے، اپوزیشن اپنا احتجاج کرے اور حکومت اپنی ڈپلومیسی کرتی رہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ جارحانہ بھارتی رویے کے جواب میں پاکستان نے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا ہے ، پاکستان میں کوئی گھبراہٹ نہیں ہے کیونکہ ہم اپنی ایٹمی صلاحیت اور افواج کے حوالے سے پراعتماد ہیں،ایل او سی پر پہل ہم نے نہیں کی صرف جوابی کارروائی کی، نریندر مودی ووٹ لینے کیلئے پاکستان کیخلاف بات کرتے ہیں، نریندر مودی کو اپنے عوام کو مطمئن کرنے کیلئے سرجیکل اسٹرائیک کا جھوٹا لفظ استعمال کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاستدان اپنے اختلافات چار چھ ہفتے کیلئے آگے پیچھے کرسکتے ہیں، پورا پاکستان انڈیا کیخلاف بول رہا ہے مگر کچھ لوگ صرف نواز شریف کیخلاف بول رہے ہیں، پوری سیاسی قیادت وزیراعظم کے پیچھے کھڑی ہوگی تو پاکستان مضبوط نظر آئے گا، پی ٹی آئی کل کا جلسہ منسوخ کردے تو پاکستان کیلئے اچھا پیغام جائے گا، پی ٹی آئی کے جلسے میں کل فول پروف سیکیورٹی دیں گے، اپوزیشن کی تعمیری تنقید پر اعتراض نہیں ہے۔عمران ظفر لغاری نے کہا کہ موجودہ حالات میں پوری قوم کو ایک صفحہ پر ہونا چاہئے، حکمت عملی بنانا پارلیمنٹ کا کام ہے ،اس میں بادشاہت نہیں ہونی چاہئے، پوری دنیا میں پارلیمانی وفود بھیج کر ہندوستان کو بے نقاب کیا جائے، ہندوستانی جارحانہ عزائم کے خلاف ہمیں سفارتی مہم چلانی پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت پی ٹی آئی کے جلسہ کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے، پی ٹی آئی کو پہلے کہہ دیا تھا احتجاجی تحریک کیلئے وقت ٹھیک نہیں ہے، ہندوستان کے مسئلے پر اپوزیشن وزیراعظم کے پیچھے نہیں ساتھ چلے گی، پاک بھارت انتہائی کشیدگی کے باوجود وزیراعظم نے کسی پارلیمانی لیڈر یا لیڈر آف دی اپوزیشن سے ملاقات نہیں کی۔شہریارخان آفریدی نے کہا کہ  ہندوستان کو عالمی سطح پر بے نقاب کرچکے ہوتے تو اقوام متحدہ میں وزیراعظم کی تقریر کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے، عمران خان کل نریندرمودی کو بڑا واضح پیغام دیں گے کہ پاکستان دشمنوں کے خلاف پوری قوم ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ رائیونڈ جلسہ پاکستان کو آزاد،خودمختار اور خوشحال ریاست بنانے کیلئے ہورہا ہے، ہم چاہتے ہیں ملک میں تمام لوگ جوابدہ ہوں، کل پی ٹی آئی کے جلسہ سے انڈیا  کوپیغام جائے گا کہ پاکستانی عوام خوفزدہ نہیں ہیں۔
تازہ ترین