• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیازی صاحب!قوم کو تقسیم کرنے کے بجائے بارڈر پر دھرنا دیں،شہبازشریف

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیازی صاحب ،قوم کو تقسیم   کرنے کے بجائے بارڈر پر دھرنا دیں ، بھارت جانتا ہے اورمودی کو سرسے پاؤں تک پورا احساس ہے کہ اگر پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پاکستان کی بہادر افواج  اور قوم وہ آنکھیں نکال کر پاؤں تلے رونددے گی، بھارت  نہتے کشمیریوں پر جتنا چاہے ظلم کر لے لیکن وہ ان سے آزادی کا پیدائشی حق کبھی نہیں چھین سکتا - نہتے کشمیریوں پر بھارتی قابض افواج کے بد ترین ظلم و ستم پر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی ضرورت ہے -اقوام عالم کے منہ کو آج تالے لگے ہوئے ہیں انہیں توفیق نہیں ہوئی کہ کشمیری عوام کے حق کیلئے بات کرتے- اقوام متحدہ اور عالمی برادری نے انڈونیشیا میں مشرقی تیمور کے مسئلے کو لسانی بنیادوں پر حل کروایا ، سوڈان اور بوسنیا کے مسائل بھی حل کرائے لیکن فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے اقوام عالم کی خاموشی بدترین زیادتی اور سراسر نا انصافی ہے -ایل او سی پر بھارت کی بربریت مودی کی فر سٹر یشن کی عکاسی کرتی ہے - یہ اس بات کی عکاس ہے کہ مودی آر ایس ایس کا تربیت یافتہ ہے - مودی جب گجرات کا وزیر اعلی تھا تو اس نے 3 ہزار سے زائد مسلمانوں اور ان کے گھروں کو جلایا اور یہ آج وہی ذہنیت ہے کہ لائن آف کنٹرول پر سرجیکل سٹرائیک نہیں ہوئی بلکہ بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کر کے 2 پاکستانی فوجیوں کو شہیدکیا-  آرایس ایس کی تربیت کے باوجود مودی اس طرح کی غلطی نہیں کر سکتا- ایک طرف کشمیر میں دن رات خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے تو دوسری طرف بدقسمتی سے چند عناصر قوم کو تقسیم کرنے کے درپے ہیں - سی پیک منصوبہ پاکستان کو معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا کر کے  بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کے قابل بنائے گاتو دھرنوں کے ذریعے اس منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے - وزیر اعلی نے ان خیالات کا اظہارکشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا- وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر ، صوبائی وزیر بلال یاسین اور وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی مجاہد کامران نے بھی خطاب کیا- وزیر اعلی نے کہا کہ  بھار ت کو یہ جان لینا چاہیے پاکستان کو اللہ تعالی نے وہ قوت عطا کی ہے اور ایسی مضبوط ترین فوج پاکستان کے پاس ہے جو دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی پوری صلاحیت اور کسی بھی جارحیت کا منہ جواب دینے کی اہلیت رکھتی ہے - انہوںنے کہا کہ شملہ معاہدہ سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں کچھ کمی آئی تھی اور اس تحریک کو نقصان پہنچایا تھا تا ہم اس کے باوجود کشمیر کے اندر آزادی کی تحریک کبھی نہیں رکی- مغرب اور دیگر ممالک کو کشمیری نوجوانوں کی قربانیو ں پر خاموش نہیں رہنا چاہیے - ہماری کوتاہیوں کی وجہ سے اگر چہ اس میں کچھ ضعف آیا تا ہم ہمیں اپنے گریبانوں میں جھانکنا ہو ںگا- میری پاکستان کے 20 کروڑ عوام کی خدمت میں درخواست ہے کہ ہمیں مقبوضہ کشمیر میں بد ترین بھارتی مظالم کے خلاف عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کیلئے پاکستا ن کو معاشی طور پر مضبوط ملک بنانا ہے  -انہوںنے کہا کہ کشمیری نوجوان برہان وانی نے آزادی کے چراغ اور شمع کو روشن کیا ہے اور اس کی شہادت کا ہی نتیجہ ہے کہ کشمیری بے خوف ہر جگہ آزادی کا پرچم لہرا رہے ہیں اور پاکستان کا نعرہ لگا رہے ہیں - انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کو اپنے پاکستانی بہن بھائیوں سے بہت زیادہ توقعات ہیں - انہوںنے کہا کہ ترکی کی مثال ہمارے سامنے ہے جہاں شدید ترین سیاسی اختلافات کے باوجود پوری قوم جمہوریت کے خلاف ہونے والی بغاوت کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہو گئی اور تمام سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات کو بھلا کر ایک جھنڈے تلے جمع ہو گئیں - جمہوریت کی بقا اور ملک میں استحکام کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئی لیکن دوسری طرف پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا سفر شروع ہوا ہے تو اسے سبوتاژ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں - بعض عناصر ملک میں افراتفری پیدا کر کے ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں - کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کیلئے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط ملک بنانا ہے اور یہ منزل صرف تقریروں سے نہیں بلکہ محنت ، امانت ، دیانت ، ایثار اور قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر حاصل کی جا سکتی ہے - انہوںنے کہا کہ ایک دشمن سرحد پار بیٹھا ہے اور کچھ ہم میں سے نہ جانے ذہنوں میں کون سے خواب لئے ترقی اور خوشحالی کی مخالفت کر رہے ہیں - چاہیے تو یہ تھا کہ موجودہ حالات میں واہگہ بارڈر پر کشمیر ، پشاور ، کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں ملک کی اقتصادی ترقی کیلئے جلسے کئے جاتے لیکن پاکستان کی ترقی کے مخالف دھرنے اور ریلیوں کے ذریعے پاکستان کی ترقی کی رفتار کو روکنا چاہتے ہیں - سی پیک کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے پاکستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہونا ہے اگر یہ منصوبے مکمل ہوئے تو پاکستان سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ ہو گا اور پاکستان ترقی کرے گالیکن اگر افراتفری کے ذریعے ان منصوبوں میں رکاوٹ ڈالی گئی تو کسی کے کچھ ہاتھ نہیں آئے گا لیکن پاکستان کے باشعور عوام ایسا نہیں ہونے دیں گے - انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے خون سے نئی تاریخ رقم کررہے ہیں - آج کشمیر میں بھائیوں کو بھائیوں ، ماؤں کو ماؤں اور بزرگوں کو نوجوانوں کا سہارا درکار ہے - ان مقاصد کی تکمیل کے لئے اقصادی ترقی شرط ہے - دھرنے اور احتجاج کی سیاست کرنے والوں کو اپنی روش بدلنا ہو گی- پاکستان اگرچہ آج نیوکلیئر طاقت ہے اور اس کے پاس دنیا کی بہترین فوج موجود ہے تا ہم آج کی جنگ اقتصادی جنگ ہے اگر پاکستان کو کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانا ہے تو معاشی طور پر مضبوط ملک بننا ہو گا -انشاء اللہ پاکستان یہ منزل ضرور حاصل کرے گا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور کشمیریوں کی نئی نسل نے تحریک آزادی کو آگے بڑھایا ہے - لیکن چند جماعتیں جنہیں کل واہگہ کی طرف جلسہ کرنا چاہیے وہ ایک علیحدہ پیغام دے رہے ہیں - بھارتی فوج کے ترجمان کو سرجیکل سٹرائیکس کے بارے میں سیاسی بیان دیتے ہوئے شرم آنی چاہیے- تقریب میں آزاد کشمیر کے وزیر مشتاق منہاس اور کشمیر کابینہ کے دیگر اراکین، صوبائی وزرا، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، دانشوروں، کالم نگاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی-کشمیر کانفرنس کے دوران بھارتی جارحیت سے لائن آف کنٹرول پر شہید ہونے والے 2 پاکستانی فوجیوں اور شہداء کشمیر کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی گئی- وزیراعلیٰ نے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال بھارتی فائر نگ کی شدید مذمت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے جام شہادت نوش کرنیوالے فوجی جوانوں کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا  اور کہاہے کہ دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم بہادر افواج کے ساتھ ہے۔ پاک افواج وطن کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار اور بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ دشمن کسی بھول میں نہ رہے اورکوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ۔ پاک افواج کسی بھی قسم کی جار حیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں ۔ پاک افواج وطن عزیز کے ایک ،ایک انچ کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اورپوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔  جبکہ لارنس کالج گھوڑا گلی مری میں کالج کے سالانہ 156 ویں یوم تاسیں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیر اعلی نے کہا ہے کہ نوجوان ملک و قوم کا روشن مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی محنت ، ریاضت ، اخلاص اور اعلی کارکر د گی سے ملک ترقی کرے گا اور مستقبل کے چیلنجز پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔-وزیر اعلی نے حکومت پنجا ب کی طرف سے لارنس کالج کی سالانہ گرانٹ ایک کروڑ رو پے سے بڑھا کر دس کروڑ روپے کرنے کا اعلان کیا ، ادارے کے ملازمین کی تنخواہوںمیں اضافے کی سفار ش کی ۔تقریب میں اولڈ گیلئن سابق وزیر اعظم پاکستان میر ظفر اللہ خان جمالی سمیت کالج کے سابق طلباء، فیکلٹی ممبران، والدین اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قبل ازیں پرنسپل لارنس کالج گھوڑا گلی مری بریگیڈیئر مجاہد عالم نے خطاب میںادارے کی تعلیمی کامیابیوں اور ہم نصابی سرگر میو ں میں نمایاں خدمات کا ذکرکیا۔بعد ازاں وزیر اعلی پنجاب نے نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلباء میں انعا ما ت اور اعزازات تقسیم کئے۔ وزیر اعلیٰ  سے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر اور یو این ڈی پی کے پاکستان میں نمائندے نیل بوہنے(Mr. Neil Buhne)  کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی ۔ نیل بو ہنے نے تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں میں بہتری لانے کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔ وزیر اعلی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بڑے چیلنجز درپیش ہیں۔ پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان ہماری منزل ہے ۔
تازہ ترین