• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کشمیریوں پرمظالم سے عالمی توجہ ہٹانے میں ناکام ہوگیا،پاکستان

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)بھارتی وزیراعظم کی مضحکہ خیز خواہش اور دعوےسے پاکستان تنہائی کا شکار نہیں ہوسکتا دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کو اُوڑی حملے سے متعلق شواہد فراہم کئے جانے کی باتیں قطعی طور پر بے بنیاد ہیں ‘ہائی کمشنر کو محض ایک کاغذ کا ٹکڑا فراہم کیا گیا ہے‘بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر ختم نہیں کرسکتا‘انڈیاکشمیریوں پر مظالم سے عالمی توجہ ہٹانے میں ناکام ہوگیا‘اڑی کا واقعہ خودبھارت کا رچایاگیا ڈرامہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے جمعرات کو اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میںکیا‘ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارت سے اُوڑی واقعہ کے مصدقہ شواہد مانگ رہا ہے جو ابھی تک فراہم نہیں کئے گئے ‘بھارت کی یہ خواہش بہرحال پوری نہیں ہوسکتی کہ اس طرح کے وا قعا ت سے دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور بربریت سے ہٹ جائے گی‘انہوں نے کہا کہ ایرانی بحری بیڑہ مشترکہ مشقوں کیلئے کراچی پہنچا ہے جبکہ روس کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں جاری ہیں اس تناظر میں بھارتی وزیراعظم کا پاکستان کو تنہا کرنے کا دعویٰ مضحکہ خیز خواہش سے زیادہ کچھ نہیں‘ پاکستان چین راہداری کا منصوبہ تیزی سے پایہ تکمیل تک بڑھ رہا ہے۔ سینٹرل ایشیائی ممالک کے ساتھ میگا پروجیکٹ کے معاہدے ہو رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں دنیا کے دیگر ممالک سے پاکستان کے رابطوں اور تعلقات میں فروغ اور معاہدوں پر دستخط بھی اس طرح کے دعوئوں کی نفی کرتے نظر آئیں گے‘ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تقریر میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے کئے جانے والی باتوں اور بعض الزامات کو مسترد کرتے ہوئے نفیس زکریا نے کہا اتنے اہم اور مقتدر فورم پر غلط بیانی اور گمراہ کن تقریر  کا دیگر ممالک کو نوٹس لینا چاہئے‘ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ ایک نام نہاد بلوچ رہنما کی جانب سے بھارت میں سیاسی پناہ لینے کی باتیں جہاں اس کے کردار کی غمازی کرتی ہیں وہاں بھارت کی بلوچستان میں مداخلت کا بھی منہ بولتا ثبوت ہے‘خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کے لئے بھار ت ہمیشہ منفی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے اور سارک کانفر نس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر کے بھارت نے سارک کے عمل کو نقصان پہنچایا‘ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس میں ہمارے 2 جوان شہید ہوئے ہیں‘اے پی پی کے مطابق جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان کہا گیا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوج کی بربریت سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ترجمان نے ”پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک“کے حوالے سے بھارتی دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اس جھوٹے دعوے کو بھارتی میڈیا کیساتھ شیئر کرنے کا انتخاب کیا‘اس قسم کے جھوٹے ،من گھڑت اور غیر ذمہ دارانہ بیانات خطے میں پہلے سے مخدوش سکیورٹی کی صورتحال میں مزید اضافے کاباعث بن سکتے ہیں‘ترجمان نے کہا کہ بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا،پاکستان اپنے عوام اور اپنی سرحدوں کوکسی بھی بھارتی جارحیت یا پاکستان کی سرزمین پر انڈین سپانسر دہشت گردی سے تحفظ اور دفاع کیلئے ہر دم تیار ہے۔
تازہ ترین