• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی کی صدارت میں اجلاس، پاکستان کو پسندیدہ ملک کا درجہ واپس لینے پر غور

نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا جس میں سیکورٹی صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ،اس اجلاس میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ،وزیر خارجہ سشما سوراج ، وزیر خزانہ ارون جیٹلی ،وزیر دفاع منوہر پاریکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت دیول اور سیکرٹری خارجہ ایس جیش شینکر نے شرکت کی ۔اجلاس میں لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی اور پاکستان کو انتہائی پسندیدہ ملک کا درجہ واپس لینے کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ اجلاس میں اُڑی حملے کے بعد لائن آف کنٹرول سے متعلقہ امور بھی زیر بحث آئے جبکہ اجلاس میں فضائی راستے بند کرنے کے آپشن پر بھی غور کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان کو انتہائی پسندیدہ ملک کی حیثیت پر نظر ثانی کا اجلاس آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دیا گیا ہے جبکہ اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ بھارت پاکستان کیساتھ لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کا معاہدہ بھی جلد ختم کرنے کا اعلان کر دے گا۔ 
تازہ ترین