• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واہگہ بارڈر پر پرچم کشائی‘ پاکستانیوں کا جوش‘ بھارتی اسٹینڈز خالی

لاہور (نیوز ایجنسیز / جنگ نیوز) لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کے بعد بھارت کو سانپ سونگھ گیا، واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی اور جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگائے گئے جبکہ سرحد کی دوسری طرف بھارت کے اسٹینڈز مکمل خالی ہونے کے باعث سناٹا چھایا رہا ، ڈی جی رینجرزپنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی اور تحریک انصاف کے وائس شاہ محمود قریشی نے بھی تقریب میں خصوصی طو رپر شرکت کی اورجوانوں کا حوصلہ بڑھایا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کر کے پاکستان کے دوفوجی جوانوں کو شہید کیے جانے کے باوجود رینجرز جوانوں کے حوصلے کم نہ ہوئے اور واہگہ بارڈر پر حسب معمول قومی پرچم اتارنے کی پروقار تقریب ہوئی ۔تقریب میں ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمرفاروق برکی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی سمیت ہزاروں پاکستانیوں نے شرکت کی ۔اس موقع پر فضا ’’نعرہ تکبیر اللہ اکبر ‘‘اور’’ پاکستان زندہ باد ‘‘کے نعروں سے گونجتی رہی ۔جبکہ بھارت کی طرف سٹینڈز مکمل خالی ہونے سے سناٹا چھایا رہا اوربھارتی فوجی اکیلے ہی بارڈر پر موجودتھے ۔اس موقع پر ڈی جی رینجرز پریڈ میں حصہ لینے والے جوانوں سے ملے اور ان کا حوصلہ بڑھایا ۔پرچم اتارنے کی تقریب میں شرکت کیلئے آنے والوں کا کہنا تھاکہ پاکستانی قوم نے ایک بار پھر واہگہ بارڈر پر پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کرکے واضح کردیا ہے کہ ہم کسی کی گیدڑ بھبکیوں سے ڈرنے والے نہیں ۔ اگر دشمن نے جارحیت کی کوشش کی تو 1965ء والے جذبے سے بڑھ کر اپنی افواج کے شانہ بشانہ لڑیں گے ۔
تازہ ترین