• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محرم کے بعد اسلام آباد بند کردینگے، نیب اور ایف بی آر میں بیٹھے سرکاری نوکر ضمیر بیچ چکے، عمران خان

لاہور (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ اگر پاکستان کے اداروں نے کچھ نہ کیا تو محرم کے بعد نواز شریف کو حکومت نہیں کرنے دیں گے۔ کارکن تیاری کر لیں اب اسلام آباد کو بند کرنے جائیں گے اور سب سے آگے میں ہوں گا۔ جو بھی ہوگا دیکھا جائے گا لیکن میں اس ڈاکو کے نیچے پاکستان کو تباہ ہوتا نہیں دیکھ سکتا، مودی کے آگے جھکنے والوں کو ہم نہیں مانتے۔ رائے ونڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ محرم کے بعد اسلام آباد جانے کی تاریخ دوں گا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو کہا کہ بھڑکیں نہ مارو یہ سوچو بھی نہ کہ پاکستان کا پانی بند کرو گے تو یہ لوگ خاموش رہیں گے۔ ہم بڑے خطرناک لوگ ہیں موت سے نہیں ڈرتے۔ نریندر مودی جو تم انڈیا شائننگ کی بات کر رہے ہو سب ختم ہو جائے گا عقل کرو، کشمیری اپنا حق چاہتے ہیں جو تمہیں دینا پڑے گا۔ لوگ کہتے ہیں میں تنہا ہوگیا ہوں لیکن میں یہ کہنا چاہتا ہوں میں اکیلا بھی ہوں گا تو نکلوں گا کیونکہ میں اللہ کے لئے نکلا ہوں میں وزیراعظم بننے کے لئے نہیں نکلا۔ آج کے بعد نواز شریف کے خلاف جلسہ نہیں ہوگا اب کچھ اور ہی ہوگا۔ اگر بارڈر پر حالات کشیدہ نہ ہوتے تو آج جلسہ میں آئے ہوئے لوگوں کو کہتا کہ یہاں رائے ونڈ میں ہی بیٹھ جائیں جب تک نواز شریف احتساب کے لئے تیار نہیں ہو جاتا۔ اس وقت حالات کا تقاضا ہے جس وجہ سے فوج کی سپورٹ کرتے ہیں اور ایسا کچھ نہیں کرنا چاہتے جس سے مشکلات پیدا ہوں۔ ہم محرم تک وقت دے رہے ہیں نواز شریف اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کردیں،پاکستان کے کسی ادارے نے آپ کے خلاف ایکشن نہ لیا تو محرم کے بعد نواز شریف کو حکومت نہیں کرنے دیں گے۔ اللہ نے موقع ددوں گا۔ پنجاب اور وفاقی حکومت نے اشتہاروں پر اربوں روپے خرچ کئے انہیں کہتا ہوں کہ اگر اتنا ہی اشتہار دینے کا شوق ہے تو اپنے پیسے خرچ کرو۔ بھارتی وزیراعظم مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس نے جو دھمکیوں کا راستہ پکڑا ہے وہ ٹھیک نہیں، مودی کان کھول کر سن لو پاکستانی قوم سب ایک ہیں، دوستی کرو گے تو دوستی کرنے کے لئے تیار ہیں لیکن کشمیریوں کو حقوق دینا ہی پڑیں گے۔ کشمیریوں کے حقوق ان کے دل کی آواز ہے بندوقوں اور گولیوں سے بند نہیں کر سکتے، جو بھی ہو ہم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ اگر کشمیریوں کی طرح ہندوئوں اور عیسائیوں پر بھی ظلم ہوتا تو بھی اسی طرح آواز اٹھاتے۔ میں غلام ملک کے اندر زندہ نہیں رہنا چاہتا، مشرف حکومت نے امریکہ کی غلامی کرتے ہوئے وزیرستان میں فوجیں بھیجیں میں سمجھتا ہوں کہ جنرل مشرف بہت بڑا قومی مجرم ہے۔ اقوام متحدہ نے نواز شریف کی تقریر سن کر لگ رہا تھا کہ وہ یہ تقریر خود نہیں کر رہا اسے یہ محسوس ہو رہا تھا کہ یہ تقریر عمران خان بھی سن رہا ہے۔ مودی نے بھی یہ کہا کہ یہ تقریر راحیل شریف نے کروائی ہے کتنے شرم کی بات ہے۔ کشمیری بچوں پر بھارتی فوج کے مظالم سے ساری دنیا میں آواز اٹھی، میں نے سوچا کہ مودی نے گجرات میں مسلمانوں کا قتل کیا اور سوچا کہ شاید مودی وزیراعظم بن کر بدل جائے گالیکن تم نے ہندوستان کو مایوس کیا تم نے ثابت کیا کہ تم متعصب ہو مودی کو کہتا ہوں کہ ہر کوئی پاکستانی نواز شریف جیسا نہیں ہوتا ہر پاکستانی کو نواز شریف کی طرح کاروبار کا لالچ نہیں اور نہ ہی نواز شریف کی طرح بزدل ہے۔ میں امن پر یقین رکھتا ہوں جنگوں سے ملکوں کے مسائل حل نہیں ہوتے۔ عراق جنگ کے خلاف برطانیہ میں بیس لاکھ لوگوں کے ساتھ لندن میں چلا، نواب اکبر بگٹی کے پیچھے مشرف نے بلوچستان میں فوج بھیجی جس کی میں نے مخالفت کی، برصغیر کے لئے امن ضروری ہے۔ جب میں ہندوستان میں نریندر مودی سے ملا تو اس نے اتفاق کیا کہ تمام مسئلے امن سے حل کرنے چاہئیں اور خاص طور پر جب دونوں ملکوں کے پاس ایٹمی ہتھیار ہوں۔ افسوس کی بات ہے کہ ہندوستان میں جب کوئی چھوٹا موٹا دھماکہ ہوتا ہے تو پاکستان پر انگلیاں اٹھتی ہیں۔ کشمیر میں جو ہو رہا ہے پاکستان پر الزام لگایا گیا اس سے بڑا جھوٹ کوئی نہیں ہو سکتا۔ نواز شریف کسی منہ سے آصف زرداری کو اپنا پیسہ واپس لانے کے لئے کہیں گے جبکہ ان کا اپنا پیسہ باہر کے ملکوں میں پڑا ہے۔ نواز شریف کو آج برطانیہ کا وزیراعظم بنا دو تو پانچ سال میں اس کا بھی دیوالیہ نکال دے گا۔ نجم سیٹھی جیسے شخص کو انتخابات فکس کرنے پر پی سی بی کا چیئرمین بنا دیا جاتا ہے۔ نواز شریف نے اسمبلی میں لندن میں اپنے فلیٹوں کے حوالے سے جھوٹ بولا یہ فلیٹ نواز شریف نے منی لانڈرنگ کے پیسے سے خریدے۔ نیب، ایف آئی اے اور ایف بی آر چھوٹے چھوٹے چوروں کو پکڑتی ہے لیکن اربوں روپے چوری کرنے والوں کو کیوں نہیں پکڑتی۔ سپریم کورٹ اس سے پہلے کرپشن پر سوموٹو لیتی تھی ،سپریم کورٹ سے قوم اب انصاف چاہتی ہے۔ بڑے بڑے فرعونوں کوآپنی آنکھوں سےگرتےدیکھا،حسنی مبارک،صدام حسین ،قذافی کاحال بھی سب نےدیکھا،نواز شر یف کاآخری وقت آگیا ہے۔ رائے ونڈکی دیواروں پرغریبوں کےساڑھے 8 کروڑخرچ کیےگئے ،عوام کے ٹیکس کے اربوں روپے سڑکوں پر لگادیئےگئے ،چوری کے پیسے نے حکمرانوں کو بزدل کردیا ہے۔ کسانوں کی زمینیں بنجر ہوچکی ہیں، رائےونڈ میں لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کیاگیا۔ جاتی امرا کے سٹاف پر جتنا پیسا خرچ ہوتا ہے وائٹ ہاؤس میں اس سے آدھا پیسا بھی خرچ نہیں ہوتا۔ پامانا لیکس الزام نہیں اس کے ثبوت موجود ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف بھاگ بھاگ کر دل کا علاج کروانے لندن جاتے ہیں انہیں دل کی بیماری نہیں بلکہ بد ہضمی ہو گئی ہے ۔ انہوں نے غریب عوام کا پیسہ کھایاہے جس کی وجہ سے بد ہضمی ہو گئی ہے جو کہ پیسہ نکال کر ٹھیک ہو گی ۔مریم نواز کے پاس پیسے ہی نہیں تھے تو انہوں نے لندن میں مہنگے فلیٹ کیسے خریدے؟ چیئرمین ایف بی آر 25 کروڑ روپے ہرماہ دبئی بھیجتے ہیں۔ انہوں نے ایف آئی اے سے بھی سوال کیا کہ تحقیقات کیوں نہیں کی۔ سرکاری ادارے ہمارے پیسوں پر چلتے ہیں ، قوم تمام اداروں سے انصاف چاہتی ہے،- صرف کمزور انسان جیلوں میں جاتے ہیں،ایف آئی اے نے بھی تحقیقات شروع نہیں کیں ، چودھری نثارکہتے ہیں کہ شریف خاندان نے20سال پہلے فلیٹ لیےتھے، حکمرانوں نے منی لانڈرنگ کرکے بیرون ملک پیسہ بھجوایا، (ن)لیگ کےلوگوں کویہ کرپشن نظرنہیں آرہی ؟ (ن) لیگ کےلوگو!کیاآپ کوملک کی فکرنہیں؟ مغرب میں وزیراعظم کرپشن کرےتوجیل میں ڈالاجاتاہے، خواجہ آصف کہتےہیں میاں صاحب لوگ سب کچھ بھول جائیں گے۔ ملک میں غریب اورامیرکےلیے الگ الگ قانون ہے، خواجہ آصف ! شرم کرو،ڈوب مرو، میں یہ سب کچھ وزیراعظم بننےکےلیےنہیں کررہا، مجھےاللہ تعالیٰ نےبہت کچھ دیا،بادشاہ کی طرح زندگی گزارسکتا ہوں، خواجہ آصف جیسے لوگ ملک کوزیادہ نقصان پہنچاتے ہیں، ڈھائی کروڑ بچے سکول نہیں جاسکتے، تعلیم میں ہم برصغیر میں سب سےپیچھےہیں، سرکاری اداروں میں درباریوں کولگادیاگیا۔26سال سے کشمیریوں پر ظلم کیا جارہا ہے،کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے،ظلم اور تشدد کیا جارہا ہے،بچوں کی آنکھوں میں چھرے مارے گئے،پوری دنیا میں اس کے خلاف آواز اٹھ رہی ہے۔ پوری پاکستانی قوم ایک ہے،کشمیریوں کوحقوق دینے پڑیں گے،بندوقوں سے ان کی آواز دبائی نہیں جاسکتی ہے،ہم کشمیر کے لوگوں کی اخلاقی،سیاسی حمایت جاری رکھیں گے ، مودی کان کھول کر سن لو سب پاکستانی ایک ہیں، میں جنگوں پر یقین نہیں رکھتا، ہندوستان سے امن کا مطلب یہ ہے کہ پیسہ لوگوں پر خرچ کیا جائے، مودی ہر پاکستانی ہر پاکستانی کو نواز شریف کی طرح پیسے سے محبت نہیں ۔نوازشریف کو دیکھ کر کہیں آپ کو غلط فہمی نہ ہوجائے، ساری قوم اپنی فوج کے ساتھ اکٹھی کھڑی ہے۔مسئلہ کشمیر کو ہرصورت حل کرنا ہوگا ۔ پاکستانی مایوس نہ ہوں ، ملک کو ٹھیک کرنا کوئی مشکل کام نہیں، ادارے مضبوط کریں گے، نیب سمیت تمام اداروں کو ٹھیک کریں گے۔ اسی پاکستان سے اتنا پیسہ اکٹھا کریں گے کہ کبھی قرضوں کی ضرورت نہیں پڑے گی،نریندر مودی کا پاکستان کو تنہا کرنے کا خواب ادھورا ہی رہ جائے گا،جس وقت کرپشن کا نظام ختم ہوگا اس ملک کے تمام معاملات ٹھیک ہوجائیں گے ۔ نواز شریف کی سٹیل مل چل رہی ہے جبکہ پاکستان سٹیل مل بند ہو گئی ہے ۔ یہاں سب وسائل ہیں صرف ہم نے ان ڈاکوؤں اور ڈاکوؤں کے ٹولے کو شکست دینی ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کےوائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیراعظم نرنیدرمودی کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’مودی سرجیکل سٹرائیک کی حماقت نہ کرنا اگر تم نے ایسی غلطی کی تو پاکستان کی 7 لاکھ فوج نہیں بلکہ 20کروڑ عوام تمہارا مقابلہ کریں گے اور بھارت کے ناپاک عزائم اور مودی کی سوچ کو ہمیشہ کیلئے خاک میں ملادیں گے۔ بھارت نے بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی ،بھارت واہگہ بارڈر سے آلو ٹماٹر اور طور خم سے بلوچستان میں دہشتگرد بھیجتاہے،مودی کی بغل میں چھری اور منہ میں رام رام ہے ۔ بھارت نے سارک کانفرنس میں نہ آکر خطے پر حملہ کیاہے اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالی ہے ۔ جاتی عمرہ میں کچھ مہینے پہلے بھار ت سے ایک مہمان آیا تھا جوکہ وہاں کی مشہور مٹھائی بھی لایا تھا اور اس کیلئے جاتی عمرہ میں کھانے بھی بنائے گئے تھے ۔
تازہ ترین