لاہور (نمائندہ جنگ)ایڈیشنل سیشن عدالت نے گلوکارہ حمیرا ارشد کی جانب سے پانچ سالہ بچے کی حوالگی کے لئے دائر درخواست کی سماعت 7اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ فاضل عدالت نے گزشتہ روز فریقین کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ پیشی تک باہمی رضا مندی سےاس معاملے کو حل کرنے کی کوشش کریں ۔حمیرا ارشد نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کر کھاہے کہ ا س کے سابق شوہر احمد بٹ نے اسے طلاق دینے کے بعد اس کے پانچ سالہ بیٹے مستکین کو زبردستی اپنے پاس رکھا ہوا ہے ۔ لہذا عدالت اس کے بیٹے کو بازیاب کرائے ۔دریں اثنا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نذیر احمد گجانہ نے گلوکارہ حمیرا ارشد کی جانب سے پانچ سالہ بچے کی حوالگی کے معاملے کو دوسری عدالت میں منتقل کرنے کے لئے دائر درخواست غیر موثر ہونے کی بناپر خارج کر دی۔انہوں نے لکھاہے کہ چونکہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر مذکورہ جج کا پہلے ہی تبادلہ ہو چکا ہے اس لئے اب درخواست کو کسی اور عدالت میں منتقل کرنے کی ضرور ت باقی نہیں رہی۔