• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، 15 روز سے ٹرانسفارمر کی خرابی کیخلاف خواتین کا دھرنا

سکھر (بیورو رپورٹ) پرانا سکھر کی رہائشی خواتین نے 15روز سے علاقے میں ٹرانسفارمر کی خرابی کے باعث بجلی کی بندش کے خلاف سیپکو آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ خواتین سیپکو افسران کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے ایس ڈی او پرانا سکھر اور ایکسیئن روہڑی کی برطرفی کا مطالبہ کررہی تھیں، مذکورہ خواتین کاکہنا تھا کہ پرانا سکھر معصومی امام بارگاہ کے نزدیکی علاقے میں پندرہ روز سے ٹرانسفارمر خراب ہے جس کی متعدد مرتبہ شکایات سیپکو حکام کو کی ہیں لیکن سیپکو کا عملہ کوئی توجہ نہیں دے رہا۔انہوں نے الزام لگایاکہ سیپکو اہلکاروں کی جانب سے ٹرانسفارمر درست کرنے کے لئے پیسے مانگے جارہے ہیں۔ اس سے قبل بھی ہم نے ٹرانسفارمر کی درستی کے لئے مبینہ طور پر انہیں رقم ادا کی لیکن ٹرانسفارمر کی خرابی معمول بن چکی ہے جس سے علاقہ مکین خاص طور پر خواتین بچے سخت مشکلات سے دوچار ہیں۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث خواتین گھروں سے نکلنے پر مجبور ہوئیں اور سیپکو آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کررہی ہیں، ہم سیپکو حکام کو متنبہ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ عوام کے ساتھ زیادتیوں کا سلسلہ بند کردیں بصورت دیگر سیپکو آفس کا گھیراؤ کریں گے ۔ خواتین نے چیف ایگزیکٹو سیپکو دلاور حسنین سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ایکسیئن روہڑی اور ایس ڈی او پرانا سکھر کی زیادتیوں کا نوٹس لیں اور متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ علاقے کا ٹرانسفارمر فوری طور پر درست کر کے بجلی بحال کی جائے تاکہ علاقہ مکینوں میں پھیلی ہوئی بے چینی ختم ہو سکے۔
تازہ ترین