• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسداد پولیو مہم، 22لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی زیر صدارت ان کے دفتر میں انسداد پولیو مہم کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں یکم اکتوبر کو اختتام پذیر ہونے والی چھ روزہ مہم کی کار کر دگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ ضلعی انتظامیہ ، عالمی ادارہ صحت، یونیسیف اور ٹائون ہیلتھ افسران سمیت دیگر متعلقہ افسران نے مہم کی کار کردگی سے متعلق کمشنر کراچی کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ اجلاس نے گذشتہ مہم کی کار کردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ انسداد پولیو قومی مقصد ہے ۔ انھوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ قومی مقصد کے جذبہ سے کام کریں ۔ پوری دنیا کی نظرین پاکستان پر لگی ہوئی ہیں اس سے قومی وقار اور بچوں کا مستقبل وابستہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ رہ جانے والے بچوں پر خصو صی توجہ یقینی بنائی جا ئے کہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے سے محروم نہ رہے فیصلہ کیا گیا کہ اگلی انسداد پولیو مہم 24اکتوبر سے شروع ہو گی۔ کراچی کی تمام 188 یونین کونسلوں میں مہم پر عملدر آمد ہو گا ۔ کمشنر کراچی کو بتا یا گیا کہ مہم میں 22لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔دریں اثنا کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے والدین سے اپیل کی ہے کہ پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کا مقصد بچوں کے مستقبل کومحفوظ بنانا ہے وہ پولیو کے خاتمہ کی مہم میں تعاون کریں ۔ انھوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ہر مہم میں پولیو کے قطرے پلائیں ۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت محمد عثمان چاچڑ اور سائٹ کمیٹی کی صوبائی کو آرڈینیٹر شہناز وزیر علی، ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ کے کو آرڈینیٹر فیا ض جتوئی،کمشنر کراچی پولیو ٹاسک فورس کے کو آرڈینیٹر ڈاکٹر نصرت علی، بل گیٹس اینڈ میلنڈا فائونڈیشن کے نیشنل کنسلٹنٹ ڈاکٹر الطاف بوسن اور صوبائی کنسلٹنٹ ڈاکٹر احمد علی شیخ، تمام ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر میڈیامینجمنٹ کمشنر کراچی محمد شبیہ صدیقی اور دیگر نے شرکت کی۔
تازہ ترین