• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھربوں کے منصوبے چل رہے ہیں، کسی میں کرپشن ثابت کردیں،آپ کاہاتھ میرا گریبان ہوگا، شہباز شریف

لاہور(نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک ترقی کا سفر تیزی سے طے کر رہا ہے اور آئندہ 18 ماہ میں ملک کی تقدیر بدلنے والی ہے۔ ملک سے اندھیرے ختم ہو جائیں گے اور پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا۔ آج ملک بھر میں تمام ترقیاتی منصوبے چاہے وہ میٹرو بس ہو ، لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین ہو، سیف سٹی پراجیکٹ ہو یا توانائی کے منصوبے، یہ تمام منصوبے شفافیت کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہیں۔ اگر کوئی بھی ان منصوبوں میں ایک پیسے کی بھی کرپشن ثابت کردے تو آپ کا ہاتھ اور میرا گریبان ہوگا، میں ہمیشہ کیلئے سیاست چھوڑدوں گااورآپ سے معافی مانگ لوں گا۔ آج کرپشن کیخلاف بات کرنے والے خان صاحب کے دائیں بائیں وہ افراد کھڑے ہیں جنہو ں نے اربوں روپے کے قرضے معاف کرائے ہیں اور لاہور کے اطراف میں اربوں روپے کی زمینوں پر قبضے کیے ہیں۔ عمران خان کو قرضے ہڑپ کرنے والے اور قبضہ مافیا کیوں نظر نہیں آتا؟ ترقی کے عمل کو روکنے اور اسلام آباد کو بند کرنے والوں کی ناپاک سازشیں ناکام ہوں گی اور وہ عام آدمی کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کے سفر کو روکنے میں بری طرح ناکام ہوں گے۔ عدالت عالیہ میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کیخلاف ترقی کے دشمنوں کے اصل چہرے کھل کر سامنے آگئے۔ ترقی میں خلل نہیں ڈالنے دیں گے۔ ملک میں سرمایہ کاری لانے کیلئے چینی قیادت کے گھنٹوں کو ہاتھ لگایا۔وہ گزشتہ روزایکسپوسنٹر میں پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب انٹراپارٹی الیکشن میں بلامقابلہ صدر منتخب ہونے کے بعد صوبائی کونسل کے اجلاس سے انتہائی جوشیلے انداز میں خطاب کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ نےکہا کہ کراچی سے پشاور تک اپنے بہن بھائیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے نوازشریف کو کل بلامقابلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کاصدر منتخب کیا اور انہیں پارٹی کی قیادت سونپی اور آج مجھے بلامقابلہ پنجاب کا صدر منتخب کرکے اپنے بھرپوراعتماد کا اظہار کیا اورمجھے خادم پنجاب کا عہدہ بھی دیا ہے ۔ ملک میں روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔تعلیم ،صحت ، زراعت و دیگر سماجی شعبے بہتری کی جانب گامزن ہیں تو ایسے میں ایک بار پھر دھرنوں ،ملک کوجامد کرنے اوراسلام آباد کو بند کرنے کی آوازیں آرہی ہیں،وزیراعلیٰ نے اپنی تقریر میں ایک موقع پر اسلام آباد بندکرنے کااعلان کرنے والوں پر چوٹ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کو ’’بند‘‘ چاہئے تویہ دکانوں پر جائیں وہاں سے انہیں ’’بند‘‘ مل جائیں گے یا مسلم لیگ(ن) کے کارکن ان کو سینکڑوں ’’بند‘‘ لیکر دے دیں گے۔ آج پاکستان کو بند کرنے اور ترقی کے عمل کو جامد کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ایسے عناصر صرف اور صرف ترقی کے عمل سے خائف ہیں کہ ملک سے اندھیرے ختم ہو رہے ہیں، توانائی کے منصوبوں پر شب و روز تیز رفتاری سے کام ہو رہا ہے، کاشتکار کو جو کہ ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اس کی ترقی کیلئے تاریخی اقدامات کئے جا رہے ہیں، ان عناصر کے دھرنے صرف ترقی کے عمل کو روکنے کیلئے ہیں۔اگر اربوں ڈالر کے ترقیاقی منصوبوں میں ایک پیسے کی بھی کرپشن ثابت ہوجائے تو آپ کا ہاتھ اورمیرا گریبا ن ہوگا۔قرضےمعاف کرانے والا مافیا سی پیک کے خلاف ہے۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ نے سی پیک کے خلاف بات کرکے اس کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ہمارا مخلص دوست ہے اور آج کیا کوئی ایسی مثال ملتی ہے کہ کسی ملک نے پاکستان کی ترقی کیلئے 46 ارب ڈالر کا تاریخی پیکیج دیا ہو جس میں سے 36 ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں پر صرف کئے جا رہے ہیں۔ اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کیلئے چین اب تک 45 ارب روپے دے چکا ہے۔ یہ منصوبہ لاہور یا پنجاب کانہیں بلکہ پاکستان کا منصوبہ ہے لیکن اس کیخلاف پاکستان کی ترقی کے دشمن واویلا کر رہے ہیں اور وہ منہ میں رام رام اوربغل میں چھری چھپائے اس منصوبے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ عدالت عالیہ میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کیخلاف ترقی کے دشمنوں کے اصل چہرے کھل کر سامنے آگئے جس میں پی ٹی آئی، کیو لیگ اور دیگر سیاسی ہاتھ کارفرما ہیں۔ پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائرکی تو پی ٹی آئی نے باضابطہ طورپر پارٹی بننے کی درخواست دی ۔کسی نے انہیں بتایا کہ اس طرح توپورا پنجاب ان کے خلاف ہوجائے گا تو پی ٹی آئی نے اپنی درخواست واپس لے لی۔ عوام کی ترقی وخوشحالی کے منصوبوں اورعام آدمی کو محفوظ، باکفایت اورتیزرفتار سفری سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے میٹروٹرین کی تکمیل کے لئے جان لڑا دوں گا۔عالمی معیار کی اس جدید سواری کی مخالفت کرنے والے عوام کے دوست نہیں،مجھے ترقی اورخوشحالی کے منصوبوںکی تکمیل کیلئے جان بھی دینا پڑی تو دے دوں گااورعوام کا ساتھ دوں گا۔اسلام آباد کو بند کرنے والے سیاسی عناصر پاکستان پر رحم کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی بات کرنے والے کے ساتھ کھڑے اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والے کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے تین کروڑ روپے ٹیکس ادا کیا ہے۔50کروڑ روپے کا قرضہ معاف کراکے تین کروڑ روپے کا ٹیکس دے کرقوم کو دھوکا نہ دیں ]وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں یہ شعر بھی پڑھا۔شب گزر جائے تو ظلمت کی شکایت بے سود…دردتھم جائے تو اظہار اذیت کیسا۔ وزیراعلیٰ سےگزشتہ روز چین کی معروف کمپنی ہاربن الیکٹرک انٹرنیشنل کے چیئرمین گوایو و نے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ نے چینی کمپنی کے چیئرمین گوا یو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توانائی منصوبوں کیلئے چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،پاکستان بھر میں توانائی منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام جاری ہے جبکہ وفاق اورپنجاب حکومت اپنے وسائل سے صوبے میں تین گیس پاور پراجیکٹس پر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس پاور پراجیکٹس مکمل ہونے سے 3600 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور قومی نوعیت کے ان اہم منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ میں خاطرخواہ کمی واقع ہوگی اور بجلی بھی سستی ملے گی۔ 
تازہ ترین