• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصطفیٰ کمال اور عشرت العباد کے ایک دوسرے کیخلاف سارے الزامات سچ ہیں،نجم سیٹھی

کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ خواجہ آصف اور پرویز رشید کا عمران خان پر اسلام آباد دھرنے میں مدارس کا سہارا لینے کا الزام بہت خطرناک ہے، اس سارے معاملہ میں نقصان حکومت اور پاکستان کو ہوگا جبکہ فائدہ کسی سیاستدان کو نہیں ہوگا، مصطفی کمال اور عشرت العباد خان کے ایک دوسرے کے خلاف سارے الزامات سچ ہیں،مصطفی کمال، عشرت العباد خان اور ڈاکٹر فاروق ستار کے درمیان ایم کیو ایم کی قیادت کا جھگڑا شروع ہوگیا ہے، ایم کیو ایم کو اب ایک نئے لیڈر کی ضرورت ہے جو پرویز مشرف ہوسکتے ہیں، برکس فورم پر پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کا نریندر مودی کا ایجنڈا ناکام ہوگیا ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔پی ایس ایل کے سیکنڈ ڈرافٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل مینجمنٹ، فرنچائزز،کھلاڑی ،اسپانسرز اور ایونٹ مینجرز حب الوطنی اور جذبہ کے ساتھ پی ایس ایل کی کامیابی کیلئے کام کررہے ہیں، پی ایس ایل کے ذریعے غیرملکی کرکٹرز اگر پاکستان آگئے تو ملک میں غیرملکی کرکٹ ٹیموں کی آمد کا دروازہ بھی کھل جائے گا۔خواجہ آصف کے عمران خان پر اسلام آباد دھرنے میں مدارس کا سہارا لینے کے الزام پر تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ خواجہ آصف اور پرویز رشید کا عمران خان پر اسلام آباد دھرنے میں مدارس کا سہارا لینے کا الزام بہت خطرناک ہے،ممی ڈیڈی کراؤڈ کو اسلام آباد سوچ سمجھ کر جاناچا ہئے کہ وہاں شرکاء کا رویہ اور اس کا مقصد کیا ہوگا۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اس وقت پاور پلے اور کشمکش جاری ہے، اسٹیک ہولڈرز کافی ہیں ، اس سارے معاملہ میں نقصان حکومت اور پاکستان کو ہوگا جبکہ فائدہ کسی سیاستدان کو نہیں ہوگا، موجودہ حالات میں غیرآئینی مداخلت ہوئی تو ملک مشکلات میں گھر جائے گا۔مصطفی کمال اور ڈاکٹر عشرت العباد خان کے ایک دوسرے پر الزامات پر تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ مصطفی کمال، عشرت العباد خان اور ڈاکٹر فاروق ستار کے درمیان ایم کیو ایم کی قیادت کا جھگڑا شروع ہوگیا ہے، یہ سب لوگ الطاف حسین کے قریبی وفادارتھے، اب چونکہ الطاف حسین کو ایم کیوایم پاکستان سے محروم کردیا گیا ہے اس لئے نئے راؤنڈ کی تیاری ہورہی ہے، سب کو احساس ہوگیا ہے اب الطاف حسین کو خدا حافظ کہہ کر نیا قافلہ تیار کرنا ہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ملکی حالات میں تبدیلی دیکھتے ہوئے سرگرم ہوئے ہیں، انہیں لگ رہا ہے ایسا دور آنے والا ہے جب دوبارہ ایک ایم کیوا یم کی ضرورت پڑے گی، مصطفی کمال اور عشرت العباد خان اسٹیبلشمنٹ کو بتارہے ہیں کہ کون ایم کیو ایم کو آگے لے کر چل سکتا ہے، مصطفی کمال اور عشرت العباد خان کے ایک دوسرے کے خلاف سارے الزامات سچ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو اب ایک نئے لیڈر کی ضرورت ہے، پرانے تمام لیڈرا یک دوسرے کے خلاف گالی گلوچ کرکے ایکسپوز ہورہے ہیں،لگتا ہے ان میں سے کوئی بھی ایم کیو ایم کا نیا لیڈر نہیں بنے گا، پرویز مشرف باہر بیٹھے ایک پارٹی ڈھونڈ رہے ہیں اور ان کا تعلق بھی کراچی اور مہاجروں کے ساتھ ہے، ایک وقت سب کو بتایا جائے گا آپ سب ایک بینر تلے اکٹھے ہوجائیں جو پرویز مشرف کا ہوسکتا ہے۔برکس اجلاس میں مودی کی پاکستان کے خلاف مہم پر تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ برکس فورم پر پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کا نریندر مودی کا ایجنڈا ناکام ہوگیا ہے، برکس کا فورم ابھرتی ہوئی معیشتوں پر مشتمل ہے، بھارت کی غلط فہمی تھی کہ وہ برکس کے فورم پر خطے کی سیاست اٹھا سکتا ہے، برکس کے مشترکہ اعلامیے میں انڈیا کا کوئی بھی نظریاتی آئٹم منظور نہیں ہوا، یہ نریندر مودی کی نظریاتی پالیسی کی بہت بڑی شکست ہے، چین نے اپنا مستقبل سی پیک اور ون بیلٹ کوریڈور سے منسلک کردیا ہے تو وہ کیسے ہندوستان کی ہاں میں ہاں ملا سکتا ہے۔
تازہ ترین