• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ، ایک شہری شہید، 5 زخمی، پاکستانی فورسز کا بھرپور جواب

اسلام آباد (جنگ نیوز، صباح نیوز) کنٹرول لائن پر کیریلہ سیکٹر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ  کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور دو بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی توپیں خاموش کرادیں۔آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے  دو بار بلااشتعال فائرنگ کی گئی  جس کے نتیجے میں  ایک شہری 28سالہ عبدالرحمٰن شہید ہو گیا جبکہ دو بچوں اور دو خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے،شہید اور زخمی ہونیوالے شہریوں کا تعلق گائوں پانالی سے ہے۔ادھر زخمی حلیمہ نامی خاتون کو تشویشناک حالت میں کوٹلی ہسپتال منتقل کردیا گیا،علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے ایک پیغام  میں کہا ہے کہ بھارت نے ایک مرتبہ پھر 19 اکتوبر کو رات گئے ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف وزری کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایل او سی پر کیریلہ سیکٹر میں پاکستانی حدود میں بلا اشتعال فائرنگ کی، جس کا پاکستانی فورسز نے بھر پور جواب دیا۔نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایک ہی دن میں دوسری مرتبہ شام 4 بجے کیرالہ سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے، جس کا پاکستان آرمی نے بھر پور جواب دیا۔
تازہ ترین