• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی برسلز مارچ میں شریک ہوکر بھارتی مظالم بے نقاب کرے، بیرسٹر سلطان

برسلز( عظیم ڈار/جنگ نیوز)آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ2014میں لندن کے ٹریفلگر سکوائر اور 2015 میں نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے ملین مارچز کے مثبت نتائج سامنے آئے اور اب 27اکتوبر کو برسلز ملین مارچ کے بعد ذمہ داری بلجیم پر پڑے گی اس لئے تمام کشمیری و پاکستانی اس دن ملین مارچ میں شریک ہو کر اسے کامیابی سے ہمکنار کریں ،ان خیالات کا اظہار انھوں نے برسلز میں بلجیم بھر سے آئے ہوئے رہنمائوں کے ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک پرویز، چوہدری نصیر احمد اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں بھی کشمیری و پاکستانی آباد ہیں وہ اس ملین مارچ میں شریک ہو کر اسے کامیاب بنائیں اور اب جو مقبوضہ کشمیر میں تحریک شروع ہوئی ہے وہ نتیجہ خیز ثابت ہو گی، برسلز اہم شہر ہے اور یہاں سے سارے یورپ کا نظام چلتا ہے لہٰذا یورپ جو کہ انسانی حقوق کا چیمپئن بنتا ہے اسے اس ملین مارچ کے ذریعے بتایا جائے کہ اب کشمیری اپنا حق لے کر رہیں گے اور یورپی یونین اور یوپی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اب کشمیریوں کا ساتھ دے۔دریں اثناء سلطان محمود چوہدری نے برسلز میں ممبر یورپی پارلیمنٹ اور پاکستان کے انتخابات میں یورپی کمیشن کے آبزرور مائیکل گیہلر (Michael Gahler) سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین جو کہ 27 ممالک کی آرگنائزیشن ہے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اہم کردار ادا کر سکتی ہے کئی بار یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ نے بھارت کی ریشہ دوانیوں کی مزمت کی ہے لہٰذا اب وقت آگیا ہے کہ یورپی یونین کوئی عملی اقدام اٹھائے۔ لیکن پہلے اقدام کے طور پر مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم رکوائے جائیں اور انٹرا کشمیر ڈائیلاگ کا اہتمام کیا جائے اس موقع پر ممبر یورپی پارلیمنٹ مائیکل گیہلر نے کہا کہ یورپی یونین اس سلسلے میں اقدام کرے گی اور مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے ہمیں اس پر تشویش ہے،ہمیں بیٹھ کر اس کا کوئی حل نکالنا پڑے گا کیونکہ کشمیری عوام کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بہت ظلم ہو چکا ہے۔اس موقع پر مائیکل گیہلر نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ وہ بہت جلد دوبارہ ملیں گے ۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر یہ تجویز بھی دی کہ یورپی یونین کشمیر پر اپنا نمائندہ مقرر کرے اور ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجے۔ علاوہ ازیں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یورپی پارلیمنٹ میں سائوتھ ایشیا اور پارلیمنٹ میں کشمیر اور پاکستان آبزرور کمیٹی کے چیئرمین سے ان کے چیمبر میں خصوصی ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ کشمیر کے معروضی حالات سے آگاہ کرتے ہوئے بھارتی سیکورٹی فورسز کے بڑھتے ہوئے مظالم کی روک تھام سے متعلق گفتگو کی اور کہا کہ وہ بھارت کو کشمیر کے اندر دہشت گردی کرنے سے روکیں اور کشمیریوں کے حق حق خودارادیت کے حصول کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دیں جو مقبوضہ وادی کا دورہ کرے دورہ کشمیریوں پر سیکورٹی فورسز کے مظالم بند کروائے اور خطے میں امن و امان کی فضا بحال کرنے کے لئے سہ فریقی مذاکرات کا سلسلہ شروع کیاجائے انہوں نے یورپی پارلیمنٹ کی فارن افیئر کمیٹی کے چیئرمین ویلمیر بروک اور ممبر یورپی پارلیمنٹ شایا سوگو، چیئرمین پبلک ویلفیئر کمیٹی اور ممبر ہیومن رائٹس کے ساتھ الگ الگ ملاقاتوں کے دوران کشمیر میں کشیدگی کی بڑھتی ہوئی لہر پر بات چیت کرتے ہوئے ان کی توجہ مبذول کروائی، یورپی پارلیمنٹ کے ممبران نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی تجاویز پر غور کرنے کا اعادہ کیا ۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے برسلز پارلیمنٹ میں فرینڈ آف پاکستان برسلز کے چیئرمین ڈاکٹر منظور ظہور الہی اور وائس پریزیڈنٹ امین اوزکارہ، جمال اکازبان، کیتھرین مووو اور دیگر ممبران برسلز پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کیں اور انہیں بھی مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر منظور ظہور اور دیگر ممبران پارلیمنٹ نے انہیں یقین دلایا کہ وہ برسلز پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کی آواز کو وقتا فوقتا اجاگر کرتے رہیں گے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے انہیں کشمیر ملین مارچ کے بارے میں بھی بتایا کہ 27 اکتوبر کویورپی پارلیمنٹ کے سامنے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لئے ایک فقید المثال ریلی نکالی جائے گی جس میں تمام کمیونٹیز کو دعوت دے رہے ہیں کہ وہ اس ریلی میں شامل ہوکر بھارتی درندگی کو رکوانے اور خطے میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی روک تھام کے لئے کردار ادا کریں، تحریک انصاف کشمیر یورپ کے کوآرڈینیٹر چوہدری نصیر اور کشمیر بیس فورم یورپ کے ڈائریکٹر ملک پرویز نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو خصوصی طورپر مدعو کیا جہاں پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات سے ملاقات کروائی اور 27اکتوبر کو منعقدہ کشمیرملین مارچ اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی، پروگرام میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ بلجیم برانچ اور یورپ زون کے نمائندگان کو بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے خصوصی طورپر دعوت دی اور انہیں  احتجاجی مظاہرے میں شرکت کیلئے کہا جموں کشمیر لبریشن فرنٹ بلجیم برانچ کے صدر مشتاق دیوان کی قیادت میں وفد نے انہیں اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی ،ان کے ہمراہ جموں  کشمیر لبریشن فرنٹ کی سپریم کونسل کے ممبر سردار زاہد ، پاکستان تحریک انصاف بلجیم کے سابق صدر سرفراز رفیقی بھی شریک ہوئے پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا اور اختتام پر لوگوں کو ڈنر پیش کیا گیا پروگرام میں  مقامی صحافی برادری نے بھی شرکت کی اور پروگرام کی کوریج کی۔
تازہ ترین