• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ نے بھی بھارتی انتہاپسندوں کی پاکستان مخالف پٹیشن مسترد کر دی

لندن (ایجنسیاں) پاکستان کے خلاف عالمی مہم میں بھارت کو ایک بار پھر دھچکا لگا ہے، پاکستان کے خلاف آن لائن پٹیشن پر برطانوی حکومت نے پاکستان کے حق میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم قربانیاں دی ہیں، برطانیہ اورپاکستان دہشت گردی کے خطرے اور انتہا پسندی سے مقابلے کیلئے پرعزم ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ کے بعد برطانیہ نے بھی بھارتی انتہاپسندوں کی پاکستان مخالف پٹیشنز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قابل قدر قربانیاں اور خدمات ہیں اور برطانیہ اس کا اعتراف کرتا ہے۔ بھارتی انتہاپسندوں نے امریکہ کی طرح برطانیہ میں بھی پاکستان مخالفت نفرت آمیز جذبات بھڑکانے کیلئے مہم شروع کر رکھی ہے جس میں پاکستان کے خلاف برطانوی پارلیمنٹ میں بحث کروانا مقصود ہے لیکن جس طرح امریکہ میں آن لائن پٹیشن کو مسترد کردیا گیا اسی طرح برطانیہ میں بھی بھارت نژاد برطانوی شہریوں کے علاوہ کسی قابل ذکر شخص کے دستخط نہیں ہو سکے۔ برطانوی وزارت خارجہ اور کامن ویلتھ افیئرز نے اس درخواست کو اس نوٹ کے ساتھ مسترد کردیا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی روکنے کیلئے قابل قدر کوششیں کی ہیں اور پاکستان کی ان قربانیوں کا اعتراف برطانیہ کرتا ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل امریکہ میں بھی بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف آن لائن پٹیشن دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کو دہشت گردوں کی سرپرستی کرنے والی ریاست قرار دیا جائے جس کو امریکہ نے مسترد کردیا تھا۔
تازہ ترین