• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متحدہ کے تمام گروپ بشمول پی ایس پی جلد ایک ہوجائیں گے، سلیم شہزاد

لندن (سعید نیازی) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما سلیم شہزاد نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان میں متحدہ کے تمام گروپ بشمول پاک سرزمین پارٹی جلد ایک پلیٹ فارم پر ہوں گے اور آئندہ الیکشن میں یہ واضح ہوجائے گا کہ کراچی پر کس کا کنٹرول ہے۔ وہ منگل کی شب ایک تقریب میں جنگ سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 22اگست سے متحدہ پاکستان کے ساتھ ہیں۔ کراچی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم آپس میں اس طرح لڑتے رہے تو نہ مہاجروں اور کراچی کے مسائل حل ہوں گے اور نہ ہی اس سے پاکستان کی کوئی خدمت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے پر تنقید کرنے اور الزامات لگانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ مسائل کے حل کیلئے آپس میں بات چیت کا آغاز کرنا ہوگا۔ گورنر سندھ پر الزامات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ محض الزامات ہیں اور الزام، الزام ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جو بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا وہ کامیاب ہوگا۔ سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ایک طویل عرصہ تک ملک کے صدر بھی رہے ہیں، اگر مختلف جماعتوں کے اتحاد کیلئے وہ کوئی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں تو انہیں کرنا چاہئے۔
تازہ ترین