• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

10ڈائوننگ سٹریٹ پر مظاہرے کیلئے جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت کی تیاریاں مکمل

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت یورپ نے یوم سیاہ کے موقع پر 27اکتوبر کو برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ 10ڈائوننگ سٹریٹ میں مظاہرے کے انتظامات مکمل کر لئے۔ آزادکشمیر کے اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یٰسین،PUFJکے مرکزی رہنما افضل بٹ اور حریت لیڈر شیخ تجمل اسلام بھی مظاہرے اور دیگر تحریکی تقریبات میں شرکت کیلئے کل مانچسٹر پہنچیں گے۔ تحریک کے شعبہ خواتین کی عہدیداران پاکستانی قونصلیٹس اور سفارتخانے کے ساتھ مل کر صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان کے دورہ برطانیہ میں مسئلہ کشمیر پر برطانوی اور یورپی ممبران سے ملاقاتوں کا اہتمام کریں گی جب کہ تحریکی رہنما سردار عبدالرحمٰن خان، راجہ نجابت حسین اور محمد اعظم دیگر رہنمائوں اور چوہدری محمد یاسین کے ساتھ مل کر برطانیہ بھر کا دورہ کریں گے اور ہر شہر سے چلنے والی کوچوں کے وقت جگہ کا تعین کریں گے۔ برطانیہ بھر کے کشمیری و پاکستانی اور انسان دوست عوام کو دعوت دی جا رہی ہےکہ وہ بھارت کی طرف سے مسلسل ظلم و تشدد اور برطانوی حکومت کو مداخلت کیلئے لندن میں بھرپور مظاہرہ کرکے مسئلہ کشمیر میں عالمی برادری کی خاموشی توڑنے کیلئے منظم جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ اس سلسلے میں تحریکی عہدیداروں کا مشاورتی اجلاس راجہ نجابت حسین کی صدارت میں ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ صدر آزادکشمیر چونکہ پہلی بار برطانیہ میں بحیثیت صدر آزادکشمیر آرہے ہیں اس لئے حکومت پاکستان کے نمائندوں سے بھرپور تعاون کیا جائے گا اور کشمیر دوست ارکان سے رابطوں میں فعال کردارادا کیا جائے گا تاکہ وہ ان سے مل کر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں معاونت کر سکیں اور بیس کیمپ کی حکومت کے حقیقی کردار اور کشمیریوں کے جذبات سے آگاہ ہو سکیں۔ اس موقع پر راجہ نجابت حسین نے اجلاس کو بتایا کہ آزادکشیر مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر راجہ زبیر کیانی بھی صدر آزادکشمیر کے دورہ میں مختلف مقامات پر معاونت کریں گے۔ جب کہ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے حریت پسندوں کے ہمراہ 27اکتوبر کے ڈائوننگ سٹریٹ میں ہونے والے مظاہرے میں شرکت اور تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی مقبوضہ کشمیر کی حریت پسند خاتون رہنما آسیہ اندرابی کے بھائی ڈاکٹر عنایت اللہ اندرابی اور انسانی حقوق کونسل کے صدر پروفیسر شاہد اقبال نے بھی تمام کشمیریوں اور پاکستانیوں سے مظاہرے میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ اس موقع پر تحریکی رہنائوں نے مختلف شہروں میں تقریبات اور مظاہرے کیلئے کوچوں کے بارے میں بھی لائحہ عمل طے کیا گیا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بیرون ملک تحریک آزادی کشمیر کو جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل محمد اعظم، تحریک کی برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار، گریٹر مانچسٹر کی چیئرپرسن روبنیہ خان، سیکرٹری فرزانہ افضل، جوائنٹ سیکرٹری یاسمین عالم، سرپرست شاہدہ خان، طارق لودھی اور ہیری بوٹا نے خصوصی طور پر شریک ہوکر مستقبل کی سرگرمیوں پر مشاورت کی۔
تازہ ترین