• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام ہے، چوہدری عبدالعزیز

پیٹربرا (نمائندہ جنگ) پاکستان ہیومن رائٹس کے چیئرمین چوہدری عبدالعزیز نے آزادکشمیر کے سرحدی علاقہ جات پر بھارتی افواج کی جانب سے بلاجواز فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں مکمل ناکام ہے۔ اپنی خفت مٹانے کیلئے وہ اپنا غصہ سرحد کے قریب بسنے والے نہتے اور مظلوم لوگوں پر نکال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کھوئی رٹہ اور چڑھوئی سیکٹر پر فائرنگ کے نتیجے میں دربدر ہونے والے کئی خاندانوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے پاک و کشمیر کی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فائرنگ سے متاثر ہونے والے ان خاندانوں جو اپنا گھر اور مال و متاع وہیں چھوڑ کر دوسری جگہوں پر منتقل ہوئے ہیں۔ کی آبادی کاری کیلئے موثر اقدامات کرے۔ سرحد کے قرب و جوار میں بسنے والے لوگ دفاع وطن کا مضبوط حصار ہیں آج کل ٹیکنالوجی کے دور میں مہلک ہتھیاروں کی موجودگی میں کوئی علاقہ یا جگہ محفوظ نہیں لیکن ان عوامل کے باوجود بھارتی فائرنگ سے متاثرہ ہونے والے لوگوں کسی بہتر اور موزوں جگہ پر بسایا جائے۔ چوہدری عبدالعزیز نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ سمیت دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں کی اس ضمن میں تشویش کافی نہیں بلکہ انہیں چاہئے کہ وہ بھارت کو ایسے اقدام سے روکیں۔ کیونکہ آئے روز کی شدید فائرنگ سے یہ لوگ نہ تو اپنے گھروں میں آزادانہ گھوم پھر سکتے ہیں اور نہ ہی زندگی کی گاڑی کا پہیہ کھینچنے کیئے کوئی دوسری سرگرمی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت زخمیوں کو علاج معالجے کے علاوہ ان کی بھرپور مالی معاونت بھی کرے اور بالخصوص طلبہ و طالبات جو اس کشیدگی کی وجہ سے دربدر ہوئے ہیں ان کی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکنے کے بھی فوری اقدامات کرے۔
تازہ ترین